(خصوصی رپورٹ) اخبارِ اسلام - خالد نجیب خان

10 /

اخبارِ اسلام


غزہ، اصل صورتحال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)

l وزارتِ صحت، فلسطین - غزہ کی 4 اپریل 2025ء کوجاری کردہ رپورٹ کے مطابق 18 مارچ 2025 ءسے اب تک شہداء کی تعداد1249 اور زخمیوں کی تعداد3022 ہو چکی ہے۔ 7 اکتوبر 2023 ءسے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہداء کی مجموعی تعداد50609جبکہ زخمیوں کی تعداد115063 تک جا پہنچی ہے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون! فلسطینی مرکزی ادارہ شماریات نے بتایا ہے کہ غزہ اس وقت جدید تاریخ کے سب سے بڑے یتیمی کے بحران کا سامنا کر رہا ہے، جہاں جاری اسرائیلی جارحیت کے باعث ہزاروں بچے اپنے والدین سے محروم ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی حملوں کے 534 دن کے دوران اب تک غزہ میں 39384 بچے اپنے ایک یا دونوں والدین سے محروم ہو چکے ہیں۔ ان میں سے تقریباً17000 بچے ایسے ہیں جن کے دونوں والدین شہید ہو چکے ہیں اور وہ مکمل طور پر بے سہارا زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
l اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن غفیر نے عید الفطر کے تیسرے روز ایک بار پھر سخت سیکیورٹی حصار میں مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا اور اس کے صحن میں یہودی مذہبی رسومات ادا کیں۔
l غزہ کے مشرقی علاقے التفاح میں اسرائیلی قابض فوج کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں دار الارقم سکول ملبے کا ڈھیر بن گیا، جہاں بےگناہ شہریوں نے پناہ لے رکھی تھی۔اس المناک حملے میں25فلسطینی شہید جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے،جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
l غزہ کے شمالی علاقے جبالیا میں قابض صہیونی افواج کے حملے کے نتیجے میں حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع جامِ شہادت نوش کر گئے۔
l رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو دنیا بھر میں قبلۂ اول بیت المقدس کی آزادی اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے یوم القدس کے طور پر منایا گیا ۔ اِس سلسلے میں پاکستان بھر میں ریلیاں اور مظاہرے منعقد کئے گئے۔
l قابض اسرائیلی فوج نے رمضان کے مقدس مہینے کے آخری جمعہ کے موقعے پر مسجداقصیٰ تک نمازیوں کی رسائی روکنے کے لیے سخت پابندیاں عائد کیں۔ متعدد فلسطینیوں کو قلندیا فوجی چوکی عبور کرنے سے روک دیا۔
l یروشلم کی عبرانی یونیورسٹی کی ایک تازہ تحقیق کے مطابق، اسرائیلی حکومت کے فیصلوں اور گہرے سماجی اختلافات نے صہیونی عوام میں شدید اضطراب پیدا کر دیا ہے۔ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ 40 فیصد اسرائیلی شہری ملک چھوڑنے کی خواہش رکھتے ہیں۔
l قابض اسرائیلی فوج نے لبنان کے خیام قصبے پر آتش گیر بموں سے بمباری کرکے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا۔

مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریںl بھارت :متنازعہ وقف (ترمیمی) بل کے خلاف مظاہرے : بھارت میں متنازع وقف (ترمیمی) بل کی منظوری پر ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ متنازعہ بل کے خلاف احمد آباد، کولکتہ اور چنئی سمیت بھارت بھر میں مظاہرین نے ’’مقدس اثاثوں پر سیاست نامنظور‘‘ کے بینر اُٹھائے ہوئے تھے۔ سرکاری اندازوں کے مطابق بھارت میں25 وقف بورڈز کے پاس تقریباً 8 لاکھ سے زائد جائیدادیں اور تقریباً9 لاکھ ایکڑ زمین موجود ہے۔ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ وقف (ترمیمی) بل کا مقصد مسلمانوں کو پسماندہ کرنا اور اُن کی جائیداد کے حقوق غصب کرنا ہے۔ دریں اثناء بل کو بھارتی سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔
l بنگلہ دیش :مودی سے حسینہ واجد کی حوالگی کا مطالبہ: عبوری رہنما محمد یونس نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے بنگلہ دیش سے مفرور ہونے والی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔ مودی اور محمد یونس کی ملاقات بنکاک میںہوئی۔
l امریکہ:مائیکرو سافٹ کی تقریب میں ملازمین کا فلسطین کے حق میں احتجاج : مائیکروسافٹ کی 50 ویں سالگرہ کی تقریب کے دوران جب مائیکروسافٹ اے آئی کے سی ای او مصطفیٰ سلیمان ’’کوپائلٹ ‘‘ (Copilot) سے متعلق نئی اپڈیٹس اور مستقبل کے وژن پر بات کر رہے تھے توملازمین نے غزہ میں ہونے والے اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاج کے موقع پر مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس اور سابق سی ای او اسٹیو بالمر بھی تقریب میں موجود تھے۔ واضح رہے کہ اگلے روز احتجاجی ملازمین کو کمپنی سے برطرف کر دیا گیا۔
l جنوبی سوڈانی پاسپورٹ ہولڈرز کے تمام ویزے منسوخ : امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ جنوبی سوڈان کے شہریوں کو اب امریکا کے نئے ویزے نہیں ملیں گے کیونکہ جنوبی سوڈان کی حکومت اُصولوں کی پاسداری کرنے میں ناکام رہی ہے۔
l ایران کے قریب خفیہ بمبار طیاروں کی بڑی کھیپ تعینات: امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے خاموشی سے بحرِ ہند اور انڈو پیسیفک ریجن میں اپنی تاریخ کی سب سے بڑی فوجی تعیناتی کا آغاز کر دیاہے۔سیٹلائٹ تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امریکی فوج نے چھ بی-2 اسٹیلتھ بمبار طیارے ڈیگو گارشیا کے ہوائی اڈے پر تعینات کیے ہیں۔
l سنگاپور: مسلمانوں کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے والا نوجوان گرفتار: انٹرنل سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ نے بتایا ہے کہ ایک17 سالہ لڑکے کو حراست میں لیا گیا ہے جو 2019ء میں نیوزی لینڈ کی مساجد میں نمازیوں کا قتلِ عام کرنے والے سفید فام بالادستی پسند برینٹن ٹیرنٹ کو ہیرو مانتا ہے اور اُس نے جمعہ کی نماز کے بعد سنگاپور کی 5مساجد میں نمازیوں پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
l سعودی عرب :ولی عہد اور ایرانی صدر کی خطے کی صورتحال پر بات چیت: ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان خطے کی صورت حال پر بات چیت ہوئی ہے۔