(خصوصی کالم) اخبارِ اسلام - ادارہ

11 /

اخبارِ اسلام

غزہ، اصل صورتحال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)

تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)

l اسرائیلی میڈیا کے مطابق غزہ کی پٹی میں جھڑپوں میں ایک اسرائیلی فوجی جہنم واصل اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔اسرائیلی ہیلی کاپٹروں نے مزاحمتی حملہ کے بعد زخمیوں کو علاقے سے نکالا۔اس سے قبل بیت حانون میں القسام بریگیڈز کی جانب سے گھات لگا کر کیے گئے حملے میں ایک اسرائیلی افسر جہنم واصل اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ ترجمان القسام بریگیڈزکا کہنا ہے کہ ’’ہمارے مجاہدین دفاعی کمین گاہوں اور معرکہ کی اگلی صفوں پر پوری تیاری کے ساتھ موجود ہیں۔ وہ اللہ کے سامنے ثبات اور استقامت کی بیعت کرچکے ہیں۔‘‘
l غزہ کے ساتھ اظہارِیکجہتی کے لیے جماعت اسلامی، تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)، اور دیگر مذہبی سیاسی جماعتوں کی اپیل پرپاکستان بھرمیں ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی اور ایک بار پھر ثابت کردیا کہ فلسطین پاکستان کا قومی مسئلہ ہے اس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
l مشرقی غزہ شہر کے علاقے الشجاعیہ میں جھڑپ کے بعد اسرائیلی فوجی سے چھینے گئے ایک کیمرے سے خصوصی تصاویر اور ہولناک جرائم کے مناظر سامنے آئے ہیں۔ ان مناظر میں غاصب فوجیوں کو غزہ میں نہتے لوگوں پر تشدد کرتے اور انہیں زدو کوب کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔فلسطین کی سرکاری رپورٹس کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک 165000ہاؤسنگ یونٹس کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔
l غزہ میں وزارتِ صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق 7 اکتوبر 2023ء سے اب تک اسرائیلی جارحیت کے باعث شہداء کی مجموعی تعداد 51439اور زخمیوں کی تعداد117416 ہو چکی ہے۔ 18 مارچ 2025ء سے اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق 2206 شہادتیں ہوئی ہیں اور5375 زخمی ہوئے ہیں۔
l عبرانی اخبار ’’ماریو‘‘ کے مطابق، اسرائیلی فوجی تجزیہ کار ایوی اشکنازی نے غزہ میں جاری عسکری کارروائیوں کو شدید پیچیدگی کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ زیرِ زمین سرنگوں کا خاتمہ ’’سمندر کو چمچ سے خالی کرنے‘‘ جیسا مشکل اور طویل عمل ہے۔
l نائب صدر جامعہ الاقصیٰ،ڈاکٹر فایق الناعوق شمالی غزہ میں غاصب اسرائیلی افواج کی جانب سے ان کے گھر پر کی گئی بمباری کے نتیجے میں شہید ہو گئے ۔ انا للہ و انا الیہ راجعون!
l یہودی آباد کاروں نے غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل زانوتا سکول کو تباہ کر دیا،جبکہ قابض اسرائیلی فوج نے جنوبی مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر الٰخلیل کے جنوب میں پانی کے کنوؤں کو مسمار کردیا۔
l اسلامی تحریک مزاحمت نے کہا ہے کہ صہیونی قابض طیاروں کی جانب سے بلدیاتی دفاتر کو نشانہ بنانا اور ملبہ اٹھانے اور امدادی کاموں کے لیے مخصوص بھاری مشینری بشمول بلڈوزروں اور دیگر آلات کو بمباری کا نشانہ بنانا نسل کشی کی جنگ میں مجرمانہ حد تک آگے بڑھنے اور غزہ کے عوام کی مشکلات کو مزید گہرا کرنے کی صہیونی پالیسی کا تسلسل ہے جو غزہ میں شہری زندگی کے ذرائع اور سہولیات کو کُھلم کُھلا بغیر کسی عالمی روک ٹوک کے تباہ کر رہے ہیں۔
l 27 اپریل 2025ء کو مجلس اتحاد امت پاکستان کے زیراہتمام مینارِ پاکستان لاہور میں منعقدہ فلسطین پر قومی کانفرنس سے امیر تنظیم اسلامی جناب شجاع الدین شیخ حفظہ اللہ نے خطاب کیا۔ اس کانفرنس میں جید علماء کرام اور مذہبی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔ امیر تنظیم اسلامی جناب شجاع الدین شیخ کے خطاب کا تحریری مواد ندائے خلافت کے اِس شمارہ کے صفحہ نمبر 9 پر ملاحظہ فرمائیے۔
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریںl ایرا ن:دھماکے میں 65افراد جان بحق 1200 زخمی‘ تین روز تک سوگ منایا گیا: جنوبی شہر بندرعباس کی شہید رجائی بندرگاہ پر ہلاکت خیز دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 65 افراد جان بحق جبکہ 1200سے زائد زخمی ہوئے ۔اس سانحہ پر ملک بھر میں تین روزہ قومی سوگ منایا گیا ۔
l غزہ : 5 سالہ جنگ بندی کے بدلے حماس اسرائیلی قیدیوں کی رہائی پر تیار: فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ اگر غزہ میں 5 سال کے لیے وحشیانہ کارروائیاں روک دی جاتی ہیں تو اسرائیل کے تمام قیدیوں کو رہا کر دیا جائے گا۔یاد رہے کہ 7اکتوبر 2023ء کو جنگ شروع ہونے کے بعد حماس نے 251 اسرائیلیوں کو حراست میں لیا تھا جن میں سے درجنوں کو معاہدوں کے تحت رہا کیا گیا اور متعدد اسرائیلی حملوں میں ہی مارے گئے تاہم اس وقت حماس کی قید میں کم و بیش 58 اسرائیلی موجود ہیں۔
l اقوام متحدہ:سلامتی کونسل کا پہلگام واقعہ پر مذمتی بیان: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پہلگام واقعہ پر ایک مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے جموں و کشمیر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک متنازعہ علاقہ قرار دیا ہے اس واقعہ میں جموں و کشمیر میں فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے ۔ البتہ پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے کہ اس قرارداد میں ریاستِ پاکستان اور اُس سے منسلک اداروں اور دیگر کسی پاکستانی گروہ کا نام نہیں لیا گیا۔ حکومتِ پاکستان نے اِس کے علاوہ بھی کئی ایسے اقدامات کیے ہیں جو قابلِ اطمینان ہیں۔
l امریکہ :بھارت پہلگام واقعہ سے متعلق ثبوت پیش نہ کرسکا: نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ بھارت پاکستان پر حملے کے لیے اپنا کیس بنا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں اور سفارت کاروں کے مطابق بھارت واقعے سے متعلق کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کرسکا۔جبکہ بھارت پاکستان کے اندر اہداف کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
l بھارت: پہلگام واقعہ کے ردعمل میں ایک مسلمان شہید: ریاست اتر پردیش میں ہندوتوا غنڈوں نے ایک 25 سالہ مسلمان کو گولی مار کر شہید اور ایک کو زخمی کر دیا۔ہند و گائو رکھشائوں نے اس کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ کارروائی پہلگام واقعے کے ردعمل میں کی ہے ۔
l لبنان: ڈرون حملے میں جماعت اسلامی کے رہنما شہید: اسرائیلی ڈرون حملے میں جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر حسین عزت عطوی سمیت دو افراد شہید اور دو زخمی ہوگئے۔جماعت اسلامی لبنان نے اپنی تنظیم کے مسلح ونگ کے کمانڈر ڈاکٹر حسین عزت عطوی کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے اِسے اسرائیل کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون!
l اردن:جماعت الاخوان المسلمون پر پابندی: وزیر داخلہ مازان فرایا کا کہنا ہے کہ اردن نے جماعت الاخوان المسلمون پر بحیثیت جماعت اور اُن کے نظریات پر پابندی عائد کر دی ہے اور فوری طور پراخوان المسلمون کے اثاثے، دفاتر اور بینک اکاؤنٹس منجمد کردئیے ہیں۔
l شام:اسرائیل کے انخلا سے قبل امن کی کوئی بات نہیں ہوگی: صدر احمد الشرع نے امریکی سینیٹر کوری ملز کو پیغام دیا ہے کہ اسرائیل کے شام سے انخلا سے قبل اُس کے ساتھ امن کی کوئی بات نہیں ہوگی۔