اخبارِ اسلامغزہ، اصل صورت حال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)
تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)
l چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز غزہ کے سربراہ ابو رمضان نے بتایا ہے کہ غزہ میں قیمتیں 527 فیصد تک بڑھ چکی ہیں۔غزہ کی تمام آبادی قحط زدہ ہے۔ یاد رہے کہ 2مارچ 2025ء سے قابض جنونی اسرائیل نے ہر طرح کی انسانی امداد یعنی بنیادی خوراک اور ادویات کے تمام راستے بند کر رکھے ہیں جس سے صورت حال انتہائی خطرناک ہو چکی ہے۔
l 7اکتوبر2023ء سے جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران قابض صہیونی فوج نے 29 تکیہ (لنگر خانوں) اور 37 امدادی مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔اقوام متحدہ کے ادارے ’’اونروا‘‘ کے 50 سے زائد ملازمین کو قابض اسرائیلی حکام نے گرفتار کیا اور ان کے ساتھ انسانیت سوز سلوک روا رکھا گیا، جن میں اساتذہ، ڈاکٹرز اور سماجی کارکن شامل ہیں۔اب تک مجموعی طور پر52615فلسطینی شہیداور 118752 زخمی ریکارڈ کیے جاچکے ہیں۔ 18مارچ 2025ء سے اب تک 2222شہیداور 5751 زخمی ہوچکے ہیں۔اب بھی کئی متاثرین ملبے تلے یا سڑکوں پر پھنسے ہوئے ہیں، جن تک ایمبولینس اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں نہیں پہنچ پا رہی ہیں۔یہ صورت حال نہ صرف انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ بھوک سے لڑتے مظلوم فلسطینیوں کی زندگیوں سے کھلواڑ بھی ہیں۔
l اسرائیلی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ یمن سے داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل تل ابیب کے بن گوریان ایئرپورٹ کے قریب آ گرا، جب کہ اُسے روکنے کے لیے متحرک کیے گئے امریکہ کے جدید ترین ’’تھاڈ‘‘ نظام اور اسرائیل کے ’’ایرو‘‘ (حیتس) دفاعی نظام مکمل طور پر ناکام رہے۔
l اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کو مطلوب جنگی مجرم نیتن یاہو کے بیانات اپنی فوج کی ناکامی پر پردہ ڈالنے کی ایک مایوس کن کوشش کے سوا کچھ نہیں۔ہماری عوام کی مزاحمت اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ ہماری سرزمین سے قابض دشمن کا تسلط ختم نہیں کیا جاتا۔
l حماس کے ترجمان ڈاکٹر خالد القدومی نے پاکستانی عوام کے نام خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ’’ہم فلسطین کے مظلوم عوام، اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کی بے مثال محبت، اخوت اور مسلسل حمایت پر دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں۔ پاکستان کی سرزمین سے اٹھنے والی یکجہتی کی صدائیں ہمارے دلوں تک پہنچتی ہیں اور ہمارے حوصلوں کو نئی توانائی بخشتی ہیں۔‘‘
l جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں ایک سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں انجینئرنگ کور کی ایلیٹ یونٹ کا ایک افسر اور ایک سپاہی ہلاک ہو گئے۔
l سرايا القدس کے مطابق اسرائیلی فوجی گاڑیوں کو دھماکہ خیز مواد اور قابض افواج کے چھوڑے گئے ملبے سے دوبارہ تیار کردہ بموں سے نشانہ بنایا گیا ۔
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں
l سعودی عرب :حج ضوابط کی خلاف ورزی پربھاری جرمانہ ہوگا: وزارت داخلہ نے 1446ھ حج سیزن کی تیاری کے سلسلے میں حج اجازت نامے کی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں اور ان کی خلاف ورزی میں سہولت کاری کرنے والوں پر جرمانے کا اعلان کیا ہے تاکہ حجاج حفاظت ، آسانی اور ذہنی سکون کے ساتھ مناسک حج ادا کرسکیں۔
l اسرائیل: جنگلات میں لگی آگ سے یوم آزادی کی تقریبات منسوخ: جنگلات میں لگی دہائی کی سب سے بڑی آگ کی وجہ سے صہیونی حکومت نے ایمرجنسی کا اعلان کر دیا اور یوم آزادی کی تمام طے شدہ تقریبات منسوخ کر دیں۔
l غزہ: ملبے میں دبے افراد کو نکالنے والوں پر اسرائیلی کواڈ کاپٹر سے فائرنگ: صبح سویرے غزہ پر اسرائیلی حملے میں 24 فلسطینی شہید ہونے کے بعد عمارت کے ملبے میں دبے افراد کو نکالنے آئے تو ریسکیو ورکرز پر اسرائیلی کواڈ کاپٹر سے فائرنگ کی گئی۔
l بنگلہ دیش:خواتین کو مساوی وراثتی حقوق دینےکے خلاف مظاہرے: دارالحکومت ڈھاکہ میں اسلامی تنظیم حفیظت ِاسلام کے زیرِ اہتمام ڈھاکہ یونیورسٹی کے قریب جمع ہونے والے تقریبا بیس ہزار افراد نے’’ہماری خواتین پرمغربی قوانین مسلط نہ کرو،‘‘ لکھے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ حفیظتِ اسلام نے اعلان کیا کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو وہ 23 مئی کو ملک گیر احتجاجی مظاہرے کریں گے۔
l دبئی:منی لانڈرنگ پر ارب پتی بھارتی تاجر کو سزا: بھارتی تاجر بلوندر سنگھ کو دبئی کی عدالت نے منی لانڈرنگ کے لیے منظم گروہ بنانے اور منظم جرائم کی سرپرستی کے سنگین الزامات ثابت ہوجانے پر5سال قید، 5 لاکھ درہم جرمانہ اور ملک بدری کی سزائیں سنائی ہیں۔اس کے علاوہ عدالت نے غیر حاضر ملزمان کو بھی قید، جرمانے اور ملک بدری کی سزائیں سنائی ہیں۔
l فلسطین:عزام الاحمد تنظیم آزادی فلسطین کے نئے سیکرٹری جنرل منتخب: تنظیم آزادی فلسطین ’’پی ایل او‘‘ کی ایگزیکٹو کمیٹی نے عزام الاحمد کو نیا سیکرٹری جنرل منتخب کیا ہے۔ وہ یہ منصب حسین الشیخ کی جگہ سنبھالیں گے، جنہیں حال ہی میں ایگزیکٹو کمیٹی کے نائب صدر کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔
l مالٹا: غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے جہاز پر ڈرون حملہ: اسرائیلی مظالم کے شکار اہالیان غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے امدادی بحری جہاز پر مالٹا کے ساحل کے قریب بین الاقوامی پانیوں میں ڈرون حملہ کیا گیا ہے جس کے بعد بحری جہاز ’کونشس‘ میں آگ بھڑک اُٹھی۔ امدادی سامان لے جانے والی تنظیم فریڈم فلوٹیلا کولیشن نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈرون حملے کے پیچھے اسرائیل کا ہاتھ ہے۔
l جرمنی: مسلم دشمن پارٹی اے ایف ڈی شدت پسند قرار: وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مسلم دشمن پارٹی اے ایف ڈی انسانی وقار کے نظریے پر یقین نہیں رکھتی اِس لئے اسے شدت پسند تنظیم قراردے دیا گیا ہے۔
tanzeemdigitallibrary.com © 2025