(خصوصی رپورٹ) اخبارِ اسلام - خالد نجیب خان

11 /

اخبارِ اسلام

غزہ، اصل صورتحال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)

تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)

 

l وزارت صحت ،غزہ کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق 7 اکتوبر2023ء سے اب تک شہداء کی مجموعی تعداد61499اور زخمیوں کی تعداد153575ہو چکی ہے۔ 18 مارچ 2025ء سے اب تک 9989 شہداء اور41534 زخمی ریکارڈکیے گئے۔ امدادلینے کے دوران نشانہ بنائے جانے والوںکی مجموعی تعداد 1807 شہداء اور13021 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ قحط اور غذائی قلت کے باعث مجموعی اموات کی تعداد 222 ہو گئی ہے، جن میں 101 بچے شامل ہیں ۔
l غزہ کی پٹی پر قابض اسرائیل کی وحشیانہ درندگی کا ایک اور دل دہلا دینے والا باب اُس وقت رقم ہوا جب صہیونی فوج نے الشفاء میڈیکل کمپلیکس کے سامنے صحافیوں کے ایک عارضی کیمپ پر براہِ راست بمباری کر کے پانچ بہادر فلسطینی صحافیوں کو شہید کر دیا۔ شہداء میں بین الاقوامی میڈیا چینل الجزیرہ کے دو نامہ نگار انس الشریف اور محمدقریقع کے علاوہ فوٹو جرنلسٹس ،ابراہیم ظاہر، مؤمن علیوہ اور محمد نوفل شامل تھے۔ نئے حملے کے بعد صحافی شہدا کی تعداد 232 ہو گئی ہے ۔ حماس نے شفاء اسپتال میں صحافیوں کے خیمے پر ہونے والی حالیہ بمباری پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
l کتائب القسام نے غزہ کے مشرقی علاقے حی التُّفاح میں اپنی ’’الغول‘‘ قسامی سنائپر سے دو صہیونی فوجیوں کو نشانہ بنا کر جہنم واصل کر دیا۔
l غزہ میں فلسطینی مزاحمتی سکیورٹی فورسز نے قابض اسرائیل کی ایک انتہائی خطرناک خفیہ کارروائی کو ناکام بنا دیا، جس کا مقصد تباہ شدہ بستیوں میں جدید جاسوسی آلات نصب کرنا تھا۔
l جرمنی میں رائے عامہ کے ایک تازہ جائزے میں حقیقت آشکار کر دی ہے کہ نصف سے زیادہ جرمن عوام اپنی حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ فوراً ریاستِ فلسطین کو تسلیم کرے۔ اسی دوران جرمن چانسلر فریڈرش میرٹز نے اعلان کیا ہے کہ قابض اسرائیل کو ایسا اسلحہ فراہم کرنے پر جزوی پابندی برقرار رکھی جائے گی جو غزہ میں استعمال ہو سکتا ہے۔
l قابض اسرائیلی حکام نے فلسطین اور القدس کے مفتی شیخ محمد حسین کو ایک خصوصی حکم کے تحت چھ ماہ کے لیے مسجد اقصیٰ میں داخلہ پر پابندی لگا دی ہے۔
l حماس نے غزہ میںفضائی راستے سے گرائی جانے والی امدادی اشیاء کو محض ایک ڈھونگ اور خطرناک حربہ قرار دیا ہے اوریہ کہ ملنے والی امداد سمندر کے مقابلے میں ایک قطرے کے برابر ہے ۔حماس نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام سرحدی گزرگاہیں فوری اور بغیر کسی شرط کے کھولی جائیں اور اتنی مقدار میں محفوظ امداد داخل کی جائے جو غزہ کے عوام کی فوری ضروریات پوری کر سکے۔واضح رہے کہ 2 مارچ 2025ء سے قابض اسرائیل نے غزہ کے تمام زمینی راستے بند کر رکھے ہیں
۔
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں

l سعودی عرب : مکہ میں بین الاقوامی مقابلہ حفظ قرآن و تفسیر: پینتالیسویں شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی مقابلہ برائے حفظ قرآن اور تفسیرمیں دنیا بھر سے ایک سواٹھائیس ممالک کے حفاظ کرام نے شرکت کی۔واضح رہے کہ یہ مقابلہ دنیا کے سب سے باوقار بین الاقوامی قرآن مقابلوں میں سے ایک ہے جو ہر سال سعودی منسٹری آف اسلامک افیئرزکی نگرانی میں مسجد الحرام میں منعقد ہوتا ہے۔
l ایران: ’’ٹرمپ راہداری‘‘ منصوبہ قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے: ایرانی سپریم لیڈر کے سینئر مشیراعلیٰ علی اکبر ولایتی نے دو ٹوک الفاظ میں کہاہے کہ ایران اپنی سرحدوں کے قریب ٹرمپ راہداری کی تعمیر کی اجازت نہیں دے گا کیونکہ یہ منصوبہ قومی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ ہے اور اگر ایسا کچھ ہوا تو یہ ٹرمپ کے کرائے کے فوجیوں کا قبرستان بنے گی۔واضح رہے کہ آذربائیجان، آرمینیا امن معاہدے کے تحت ایران کی شمال مغربی سرحد کے قریب ٹرمپ راہداری بنائی جائے گی اور اِس راہداری کے مالکانہ حقوق امریکا کے پاس ہوں گے۔
l اسپین :تاریخی مسجد قرطبہ میں آتشزدگی: قرطبہ میں تاریخی جامع مسجد قرطبہ میںفرش صاف کرنے والی مشین میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ بھڑک اُٹھی جس نے قریبی علاقے کو لپیٹ میں لے لیا تاہم فائر بریگیڈ کی فوری کارروائی سے آگ پرقابو پالیا گیا۔تاریخی عمارت کو سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا ہے ، تاہم متاثرہ حصہ عارضی طور پر بند کیا گیا ہے۔
l مصر:غزہ میں بھوک کا بطور ہتھیار استعمال غلط ہے، عرب لیگ کونسل: عرب لیگ کونسل نے مستقل مندوبین کے اجلاس کے بعد جاری کئے گئےاعلامیے میں اپنے مطالبے کی تجدید کی ہےکہ فلسطینی عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا، ان کے مقصد کو ختم ہونے سے بچانا اور عرب سربراہی کانفرنسز کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اعلامیہ میں غزہ میں بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے اسرائیلی اقدامات کی بھی شدید مذمت کی گئی جس کے باعث 200 سے زائدشہری شہید ہوچکے ہیں ، جن میں نصف تعدادبچوں کی ہے اوریہ مطالبہ کیا گیا کہ غزہ کا محاصرہ فوری طورپر ختم کرکے زمینی، فضائی اور سمندری راستوں کے ذریعے امداد کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے ۔ایک اور خبر کے مطابق مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے واضح کیا ہے کہ مصر فلسطینیوں کی جلا وطنی کی نہ تو حمایت کرے گا اور نہ ہی اس عمل میں شریک ہوگا۔
l سوڈان: قحط نے شہریوں کو گھاس کھانے پر مجبور کر دیا: جنگ زدہ شہر الفاشر میں قحط شدت اختیار کر گیا، خوراک کا ذخیرہ ختم ہونے کے قریب ہےجبکہ شہری بھوک مٹانے کے لیے جانوروں کے چارے پر گزارا کرنے لگے ہیں۔
l عراق: کلورین گیس کے اخراج سے 600 سے زائد زائرین متاثر: کربلا اور نجف کے درمیانی راستے پر واقع ایک واٹر ٹریٹمنٹ اسٹیشن میں کلورین گیس کے اخراج کے باعث دم گھٹنے سے 600 سے زائد زائرین کی حالت غیر ہوگئی جنہیں سانس لینے میں دشواری کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں تمام متاثرین کو طبی امداد دی گئی۔