(خصوصی کالم) اخبارِ اسلام - خالد نجیب خان

10 /

اخبارِ اسلام

غزہ، اصل صور تِ حال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)

تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)

l خطيب المسجد الحرام، الشيخ صالح بن حميد نے کہا ہے کہ فلسطين اور القدس عربوں اور مسلمانوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ اور سربلند رہیں گے، مسجد اقصیٰ اور فلسطینی کاز امتِ مسلمہ کے ایمان، تاریخ اور اجتماعی شعور کا اٹوٹ حصّہ ہیں اور کوئی طاقت انہیں دلوں سے جدا نہیں کر سکتی۔
l صہیونی نیٹ ورک سے ایک اہم منصوبے کا کھلے عام اعتراف کیا جا رہا ہے، جس کے تحت ایک لاکھ مسیحی افراد کو باقاعدہ تربیت دے کر انہیں دنیا بھر میں اسرائیل کے ’’سفیر‘‘ کے طور پر استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ان افراد کا بنیادی کام اسرائیل کے حق میں بیانیہ پھیلانا، اس کی شبیہ (Brand) کا دفاع کرنا اور ہر قسم کی مخالفت کو خصوصاً فلسطینیوں کے حق میں آواز کو دبانا بتایا گیا ہے۔ اس کے لیے دنیا کے بڑے تعلیمی اداروں سے منسلک ایک معروف ڈیجیٹل لرننگ پلیٹ فارم کے ساتھ شراکت داری کی جا رہی ہے،جو ہارورڈ، ییل اور دیگر بڑی جامعات کو سروس فراہم کرتا ہے ۔
l حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی اس وقت نسل کُشی کی جنگ کے تسلسل کا سامنا کر رہی ہے، جہاں سخت محاصرے اور تعمیرِ نو میں رکاوٹوں نے عوام کو موسمِ سرما کی شدید موسمی صورتحال کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔رفح کے سول ڈیفنس کے مطابق جنوبی غزہ کے بے گھر افراد کے کیمپوں سے بارشوں کے باعث امدادی کالز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔تیز اور مسلسل بارشوں نے خیموں کو ڈبو دیا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد خاندان اندر ہی محصور ہو کر رہ گئے ہیں اور فوری مدد کے منتظر ہیں۔
l مسجد اقصیٰ کے مغرب میں واقع دیوارِ براق پر سینکڑوں صہیونی آبادکاروں نے دھاوا بول دیا۔ یہ اشتعال انگیز یلغار اس موقع پر کی گئی جسے عبرانی روایات میں نام نہاد عید الحانوکاہ کہا جاتا ہے۔ اسی دوران مقبوضہ بیت المقدس میں باب الخلیل کی فصیل پر نسل پرستانہ اور یہودیانے پر مبنی نعروں کی لائٹس لگائی گئیں۔
l کمانڈر رائد سعد (ابو معاذ) جو کتائب الشهید عزالدین القسام کے نمایاں رہنماؤں میں سے تھے، ایک صہیونی حملے میں اپنے بہادر ساتھیوں کے ہمراہ شہید ہوگئے۔ ان کی قربانی اور جدوجہد غزہ کے عوام کے دفاع میں ان کے عزم کی علامت ہے۔
l آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے مشہور ساحلی علاقے بونڈائی بیچ میں یہودیوں کے مذہبی تہوار حانوکا کی تقریب کے دوران ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے، جن میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ آسٹریلوی پولیس نے واقعے کو دہشت گردانہ حملہ قرار دیتے ہوئے شہر بھر میں وسیع سیکورٹی آپریشن شروع کردیا ہے، جبکہ حملے میں ملوث باپ کو پولیس نے موقع پر مار دیا جبکہ بیٹے کوگرفتار کرلیا گیا ہے۔

مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں

l بھارت:ریاست بہار کے وزیراعلیٰ سے استغفیٰ کا مطالبہ: اپوزیشن پارٹی کانگریس نے وزیراعلیٰ بہار سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ اُن پر الزام ہے کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے خواتین کا وقار پامال کیا اور ذاتی و مذہبی آزادی کی خلاف ورزی کی ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ڈاکٹرز کو تقرری کے لیٹرز دینے کی تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ڈاکٹر نصرت پروین سے کہا کہ حجاب اتاریں اور پھر خود ہی کھینچ کر اتار دیا۔کسی اعلیٰ عہدے پر فائز شخص کا یہ رویہ ناقابل قبول اور شرمناک ہے۔
l سوڈان: ڈرون حملہ، یو این امن مشن کے 6 بنگلہ دیشی ارکان جاں بحق: سوڈان کےکدوگلی شہر میں امن فوج کے لاجسٹکس بیس کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا جس میں بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے یو این امن مشن کے6 ارکان جاں بحق ہوگئے جبکہ 8 امن فوجی زخمی بھی ہوئے۔ واضح رہے کہ سوڈان میں اپریل 2023ء سے جاری خانہ جنگی کے دوران ہزاروں افراد ہلاک اور ایک کروڑ20 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
l امریکہ:شام میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ لیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ: شام میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر اپنے ردعمل میں امریکی صدر کا کہنا ہے کہ داعش سے امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ لیا جائے گا۔خیال رہے کہ تاریخی شہر تدمر (پالمیرا) کے نواح میں مشترکہ گشت کے دوران امریکی اور شامی افواج کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا اور نتیجے میں 2 امریکی فوجیوں سمیت 3 امریکی شہری ہلاک ہو گئے۔
l اسرائیل :مغربی کنارے میں 19 یہودی بستیاں قانونی قرار: امریکا سمیت عالمی برادری کی مخالفت کے باوجوداسرائیلی پارلیمنٹ نے 19 یہودی بستیوں کو قانونی حیثیت دینےکی منظوری دےدی ہے۔ اس اقدام کی تجویز انتہائی دائیں بازو کے وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ اور اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے پیش کی تھی۔ فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیلی فیصلےکی مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطین کی تباہی قراردیاہے۔
l آسڑیلیا:14 سال سے کم عمر بچیوں کے سکارف پر پابندی: آسٹریلیا کی پارلیمنٹ نے ایک متنازع قانون منظور کر لیا ہے جس کے تحت 14 سال سے کم عمر بچیوں پر سرکاری اور نجی دونوں طرح کے سکولوں میں روایتی اسلامی سکارف (حجاب اور برقع وغیرہ) پہننے پر پابندی ہوگی، یہ قانون قدامت پسندوں کی قیادت میں قائم 3 اعتدال پسند جماعتوں کے اتحاد نے پیش کیا، جسے وہ ’صنفی مساوات‘ کی جانب ایک قدم قرار دیتے ہیں۔
l مصر : غزہ کے لیے 10 ہزار ٹن امداد پر مشتمل نیا امدادی قافلہ روانہ: مصری ہلال احمر نے ’’زاد العزہ۔ مصر سے غزہ‘‘ کے عنوان سے10 ہزار ٹن امداد پر مشتمل امدادی قافلہ نمبر 91 غزہ کی پٹی کی طرف ہنگامی انسانی امداد دے کر روانہ کیا ہے۔امدادی سامان میں خوراک، طبی سامان، ایندھن اور سردی سے بچاؤ کی ضروری امداد شامل ہیں ۔