(خصوصی رپورٹ) اخبارِ اسلام - خالد نجیب خان

10 /

اخبارِ اسلام

غزہ، اصل صورتحال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)

l امریکی کانگریس کے رکن آل گرین نے کہا ہے کہ اگر ٹرمپ نے غزہ سے متعلق منصوبہ نافذ کیا تو اُس کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع ہوگی۔
l حماس کے رہنما طاہر النونو نےایک انٹرویو میں واضح کیا ہے کہ قابض ریاست کو فوری طورپرعارضی مکانات، خیمے، ایندھن اور ملبہ ہٹانے کے لیے ضروری سازو سامان کی غزہ میں ترسیل یقینی بنانا ہوگی تاکہ شہریوں کی زندگی بحال ہو سکے۔ جب تک قابض ریاست اپنے وعدوں کو پورا کرتی رہے گی، حماس بھی اپنے معاہدے پر کاربند رہے گی۔حماس جنگ بندی معاہدہ کے نفاذ کی خواہاں ہے اورچاہتی ہے کہ قابض ریاست تمام وعدے بغیر کسی کمی کے پورا کرے۔
l ترکیہ میں مغربی فوڈ چین ’’کے ایف سی‘‘ اور’’پیزا ہٹ‘‘ کے بائیکاٹ سے فوڈ چینز کو 7.7 ارب ترکش لیرا( 214 ملین ڈالر)کا نقصان ہوا ۔’’ کے ایف سی‘‘ اور ’’پیزاہٹ‘‘ کی 537 برانچزانتظامیہ کوبند کرنا پڑ گئیں ۔
l اسرائیلی وزیر خزانہ بیزلیل سموتریچ نے اپنی نسل پرستانہ اور جارحانہ پالیسیوں کا ایک بار پھر اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ہمارا 2025ء کا ہدف ہے کہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے زیادہ سے زیادہ مکانات کو منہدم کیا جائے۔‘‘ یہ بیان بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی اور فلسطینی عوام کے خلاف جاری نسل کُشی اور جبری بے دخلی کی پالیسیوں کا بھی واضح ثبوت ہے۔
l ایک اسرائیلی عدالت نے 15 سالہ فلسطینی بچے محمد زلبانی کو 18 سال قید کی ظالمانہ سزا سنا دی ہے۔محمد زلبانی کو 13 سال کی عمر میں قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ یہ فیصلہ اسرائیلی فوجی عدالتی نظام کی ایک اور بہیمانہ مثال ہے۔
l تحریک مزاحمت نے دنیا بھر کے عوام، عرب ممالک اور تمام اُمّتِ مسلمہ اور دنیا بھر کے باضمیر افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر شہر اور ہر میدان میں بڑے پیمانے پر یکجہتی ریلیوں اور سرگرمیوں میں شرکت کریں، تاکہ فلسطینی عوام کو اُن کے وطن سے بے دخل کرنے کے منصوبوں کی بھرپور مذمت اور مخالفت کی جا سکے۔
l وزارت صحت فلسطین کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 7 اکتوبر 2023ء سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہداء کی تعداد 48291 اور زخمیوں کی تعداد111722تک پہنچ چکی ہے۔ جنگ بندی کے باوجود ملبے تلے دبے شہداء کی برآمدگی اور طبی سہولیات تک رسائی میں مسلسل رکاوٹیں ڈال کر قابض قوتیں انسانی بحران کو مزید سنگین بنا رہی ہیں۔
l رفح کے مشرق میں ایک ڈرون حملے میں پولیس کے اُن اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا جو امدادی سامان کے داخلے کو یقینی بنانے پر مامور تھے۔ اس وحشیانہ حملے کے نتیجے میں تین اہلکار شہید ہوگئے، جو جنگ بندی معاہدہ کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریںl برطانیہ : قرآن پاک کی بے حرمتی کی کوشش ناکام: لندن میں ترک قونصل خانے کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔عینی شاہد کے مطابق ملعون نے روکنے والے شخص کو چاقو مار کر زخمی کر دیا جس سے اُس کی انگلی کٹ گئی ۔ ملعون کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
l بھارت: انتہا پسند ہندوؤں نے درگاہ حاجی ملنگ پر زعفرانی پرچم لہرا دیئے: بی جے پی کے زیرِ اقتدار ریاست مہاراشٹرا میں ہندو انتہا پسند وںنے حاجی ملنگ درگاہ پر زعفرانی پرچم لہراکر ہندوتوا کے نعرے لگائے۔ہندو انتہا پسندوں کا کہنا ہے کہ یہ جگہ دراصل ایک مندر ہے اور ہم اپنا ورثہ واپس لینا چاہتے ہیں۔ درگاہ کمیٹی نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں ناقابل قبول ہیں۔
l سعودی عرب:غزہ کے لیے نیا پلان: سابق انٹیلی جنس چیف شہزادہ ترکی الفیصل نے غزہ کے لیے صدر ٹرمپ کی تجویز مسترد کرتے ہوئے نیا پلان دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے لیے ٹرمپ کی تجویز ناقابل عمل ہے بلکہ واشنگٹن کو غزہ کی بحالی کے لیے مدد کرنی چاہیے تاکہ وہاں کے لوگ اپنی سرزمین پر رہیں۔ہمارے پاس عرب اَمن پلان ہے جو مکمل اور متبادل ہے۔
l ناجائز صہیونی ریاست اسرائیل: نئی فوجی تقرریاں : اسرائیلی کابینہ نے میجر جنرل ایال ضمیر کو اسرائیلی ڈیفنس فورس کا چیف آف سٹاف مقرر کرنے اور میجر جنرل تامیر یدائی کو نئے آرمی چیف کا نائب مقرر کرنے کی حتمی منظوری دےدی ہے۔ایال ضمیر5 مارچ کو اسرائیلی فوج کے 24 ویں سربراہ کی حیثیت سے کمان سنبھالیں گے۔
l امریکہ سے 2 ہزار ٹن وزنی بموں کی کھیپ پہنچ گئی: اسرائیلی وزارت دفاع کے مطابق اشدود پورٹ پرایک جہاز سےدو ہزارپاؤنڈ وزنی بموں کی بڑی تعداد اُتار کر ٹرکوں پر لوڈ کرکے ایک اسرائیلی ایئر بیسز کو روانہ کر دی گئی ہے ۔اکتوبر 2023 ء سے اب تک 76000 ٹن سے زائد فوجی ساز و سامان اسرائیل پہنچ چکا ہے، جس میں سے زیادہ تر سامان امریکہ سے آیا ہے۔
l روس :قیدیوں کی رہائی پر حماس کا شکریہ: ترجمان کریملن دمتری پسکوف نے کہا ہے کہ ہم حماس کے ممنون ہیں کہ ا ُنہوں نے روسی نژاد اسرائیلی قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔ ہم اِن رہائیوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
l افغانستان :قندھار تا ہرات ریلوے لائن کا سروے شروع: افغان ریلوے کے سربراہ مولوی محمد اسحاق صاحبزادہ اور قندھار کے محکمہ رفاہ عامہ کے سربراہ ملا عزیز الرحمٰن نے قندھار کے گورنر حاجی مُلا سے ملاقات میں بتایا کہ 737 کلومیٹر طویل قندھار، ہرات ریلوے لائن کے سروے اور ڈیزائن کا کام شروع ہو رہا ہے اور اس روٹ کے سروے اور ڈیزائن کا ٹھیکہ کئی کمپنیوں کو دیا گیا ہے، تاکہ مختصر وقت میں تعمیراتی کام شروع کیا جاسکے۔

تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)