(خصوصی رپورٹ) اخبارِ اسلام - خالد نجیب خان

14 /
اخبارِ اسلام
 
غزہ، اصل صور تِ حال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)
 
تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)
 
l مسجدِ اقصیٰ کو آگ لگائے جانے کے سانحے کو 57 برس مکمل ہوگئے۔ 21اگست 1969ء کو قبلۂ اول میں لگنے والی آگ سے مسجد کے اہم حصے متاثر ہوئے تھے، جبکہ صلاح الدین ایوبی ؒ کا تاریخی منبر بھی جل کر تباہ ہوگیا تھا۔ سانحے کے وقت فلسطینی عوام مسجدِ اقصیٰ کی حفاظت کے لیے پانی، مٹی اور دیگر دستیاب وسائل کے ساتھ پہنچ گئے تھے۔ 57 برس گزرنے کے باوجود یہ واقعہ فلسطینی عوام اور عالمِ اسلام کے لیے ایک زندہ تاریخی زخم کی حیثیت رکھتا ہے۔
l غزہ میں پانی اور نکاسی آب کے نگران اعلیٰ سعید العکلوک نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں غزہ کے 80 فیصد سے زائد پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا یا گیا ہے۔ پانی کی یومیہ پیداوار تین لاکھ مکعب میٹر سے کم ہوکر صرف ایک لاکھ 23 ہزار مکعب میٹر رہ گئی ہے۔
l حماس کے رہنما اسامہ حمدان نے قاہرہ میں جیرڈ کشنر اور ثالثوں کے ساتھ ہونے والی بات چیت کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کے ہتھیار مذاکرات کا انتہائی حساس معاملہ ہیں۔ مذاکرات میں جنگ بندی، غزہ کے مستقبل کے انتظام اور مزاحمت کے ہتھیاروں سے متعلق مختلف تجاویز اور فریقین کے مؤقف زیر بحث آئے۔جبکہ اسرائیلی چیف ربی ڈیوڈ یوسف نے مغربی یروشلم میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینیوں کے قومی تشخص اور بطور قوم وجود کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہےکہ فلسطینی کبھی ایک قوم نہیں تھے۔ فلسطینی حلقوں نے ایسے بیانات کو عوام کے بنیادی وجود اور قومی حقوق سے انکار کے مترادف قرار دیا ہے۔
l جنگ بندی کے اعلانات کے باوجود غزہ کی پٹی میں اسرائیلی بمباری، فائرنگ اور توپ خانے سے گولہ باری جاری ہے۔ طبی ذرائع کے مطابق دیر البلح کے علاقے میں اسرائیلی فضائی حملے میں نوجوان حسام نصیر اور تین سالہ بچے تیم حمدان سمیت فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ خان یونس میں 21 سالہ محمد شافعی ناصر الدین بھی بمباری کے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔ فلسطینی مرکز اطلاعات ’’معطی‘‘ کے مطابق رواں سال کے آغاز سے اب تک مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کے4560 حملے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ وزارتِ صحت کے مطابق جنگ بندی کے آغاز سے اب تک شہداء کی تعداد 1318 اور زخمیوں کی تعداد4375 ہوگئی ہے، جبکہ 7 اکتوبر 2023ء سے جاری اسرائیلی جارحیت میں مجموعی طور پر73454 فلسطینی شہید اور174486 زخمی ہوچکے ہیں۔دوسری طرف اسرائیلی ویب سائٹ ’’واللا‘‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں نئی زمینی کارروائی کا منصوبہ تیار کیا ہے، جس میں شہر غزہ پر قبضہ بھی شامل ہے۔ اسرائیلی فوج اور شاباک کے تخمینوں کے مطابق حماس اسرائیل کی شرائط پر ہتھیار ڈالنے پر رضامند نہیں ہوگی، جس کے باعث زمینی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کو ممکنہ آپشن قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کارروائی کے وقت کو اسرائیلی اور امریکی انتخابات سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔ ادھراقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ موسمِ سرما میں خیموں اور عارضی رہائش گاہوں میں مقیم لاکھوں بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں، جبکہ گزشتہ موسمِ سرما کے خیموں کی بڑی تعداد بوسیدہ ہوچکی ہے اور انہیں مناسب طور پر تبدیل نہیں کیا گیا۔

مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں
 
l ترکیہ: مکہ دفاعی اتحاد کی ادارہ سازی، پاکستان کو پہلی سربراہی: پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے پہلے اجلاس منعقدہ استنبول میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اورعسکری قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں دفاعی صلاحیتوں، مسلح افواج کے باہمی تعاون، دفاعی صنعت میں مشترکہ پیداوار، ٹیکنالوجی، تحقیق و ترقی اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔معاہدے کے تحت سعودی دارالحکومت ریاض میں سیکرٹری جنرل کی سربراہی میں سیکرٹریٹ قائم ہوگااورابتدائی طور پر تین سال کے لیے اِس کی سربراہی پاکستان سے تعلق رکھنے والے سیکرٹری جنرل کریں گے۔ترک وزیرخارجہ حاقان فیدان نے کہا کہ اتحاد کسی مخصوص ملک کے خلاف نہیں بلکہ علاقائی امن و استحکام کے لیے ہے، جبکہ مزید ممالک کی شمولیت کے لیے روڈ میپ تیار کیا جا رہا ہے۔ تین ملکی معاہدے کو ’’مکہ دفاعی اتحاد‘‘ کہا جائے گا۔بنگلہ دیشی وزیر خارجہ خلیل الرحمان نے کہا ہے کہ اگر مکہ دفاعی اتحاد میں شمولیت کی دعوت دی گئی تو ڈھاکہ اس پر مثبت انداز میں غور کرے گا۔
l ایران: امریکہ سے کشیدگی برقرار: ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں مزید شدت آگئی ہے۔ ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے امریکی حملے کا ’’تباہ کن، تکلیف دہ اور سبق آموز‘‘ جواب دینے کا اعلان کیا، جبکہ ایرانی پاسداران انقلاب نے لارک جزیرے پر امریکی حملے کے بعد اردن میں امریکی فوجی اڈوں اور خلیج میں بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے؛ امریکہ نے بیشتر میزائل روکنے کا دعویٰ کیا، جبکہ متحدہ عرب امارات نے المنہاد ایئر بیس پر حملے کی ایرانی خبر کی تردید کی۔ ایرانی میڈیا نے امریکی ڈرون مار گرانے کا بھی دعویٰ کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی پابندیوں کو ’’ریاستی اور معاشی دہشت گردی‘‘ قرار دے کر اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے یکطرفہ پابندیوں کی مذمت کا مطالبہ کیا۔ ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے مشرق وسطیٰ کے ممالک سے ’’حقیقی دشمن‘‘ کو پہچاننے اور اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے متحد ہونے کی اپیل کی۔ایران میں 15 سے 21 اگست کے دوران 59 زلزلے ریکارڈ کیے گئے، جن میں بیشتر کی شدت 3 سے کم تھی، جبکہ دو زلزلوں کی شدت 4 سے 5 کے درمیان رہی۔
l سعودی عرب: 18 لاکھ برس قدیم انسانی آبادی کے آثار دریافت: صوبہ نجران کے علاقے شعب دحضہ میں 12 سے 18 لاکھ سال قدیم پتھر کے اوزار دریافت ہوئے ہیں۔ سعودی ہیریٹیج کمیشن کے مطابق یہ دریافت جنوبی عرب میں انسانی آبادی اور قدیم ہجرت کے ابتدائی دور کا اہم ثبوت ہے۔
l بوسنیا: ’’بوسنیا کا قصاب‘‘ راتکو ملازویچ حراستی مرکز میں ہلاک: بوسنیا کی جنگ میں مسلمانوں کے قتل عام اور نسل کشی کے جرم میں عمر قید کی سزا پانے والا سابق بوسنیائی سرب جنرل راتکو ملازویچ اقوام متحدہ کے حراستی مرکز کے ہسپتال میں ہلاک ہوگیا۔
l صومالیہ: ترک بحریہ کا قزاقوں کے خلاف آپریشن، مغوی جہاز بازیاب: ترک بحریہ نے صومالی افواج کے تعاون سے صومالی پانیوں میں قزاقوں کے قبضے سے ایک بحری جہاز بازیاب کرا لیا۔ دس روزہ آپریشن میں قزاقوں کے زیر استعمال چار کشتیاں تباہ اور 14 قزاق ہلاک کیے گئے، جس کے بعد باقی قزاق جہاز چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔