(تنظیمی سرگرمیاں) تنظیم اسلامی کی دعوتی و تربیتی سرگرمیاں - ادارہ

14 /
باجوڑ شرقی — اسرہ ملاکلے میں دعوتی پروگرام
 
الحمدللہ! باجوڑ شرقی میں ناظمِ دعوت و نقیبِ اسرہ ملاکلے کی کوششوں سے ایک دعوتی پروگرام بمقام الہدیٰ اسکول ملاکلے منعقد کیا گیا، جس میں 11 تعلیم یافتہ نوجوانوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے مقررین کے خطابات نہایت دلچسپی اور توجہ سے سنے۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا تو میزبان محترم شاہد لطیف نے باجوڑ شرقی کے ناظمِ تربیت، محترم رفیق الرحمن کو دعوتی خطاب کے لیے مدعو کیا۔ موضوع تھا’’دین ِ اسلام کا جامع تصور‘‘ تھا۔ انہوں نے دین ِ اسلام کے چھ گوشوں کو نہایت سلیس اور عام فہم انداز میں پیش کیا ۔اس   کے بعد حلقہ ملاکنڈ کے ناظمِ دعوت، محترم فیض الرحمن نے گفتگو کو آگے بڑھاتے ہوئے ’’فرائضِ دینی کا جامع تصور‘‘ واضح کرتے ہوئے بتایا کہ دین کے تقاضوں پر عمل کرنا اضافی کام نہیں، بلکہ بحیثیت مسلمان ہمارا دینی فریضہ ہے کہ ہم دین کو اپنی زندگیوں میں نافذ کریں، اسے دوسروں تک پہنچائیں اور اس کے قیام کے لیے مقدور بھر کوشش کریں۔
آخری خطاب کے لیے مقامی امیر باجوڑ غربی، محترم جناب نبی محسن کو دعوت دی گئی۔ انہوں نے دین کے قیام کے لیے نبویؐ طریقۂ کار کو نہایت خوبصورت انداز میں  پیش کیا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ مملکت ِخداداد پاکستان میں صحیح اور نبویؐ منہج کے مطابق انقلاب برپا کرنے اور نظام کی تبدیلی کی جدوجہد اصل کام ہے اور اِس مقصد کے حصول کے لیے ہمیں کیا عملی اقدامات کرنے چاہییں۔
تمام خطابات کے دوران شرکاء نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ پروگرام میں سوال و جواب کا سلسلہ بھی ہوا، تقریباً دو گھنٹے پر محیط یہ دعوتی اجتماع نمازِ عصر سے قبل اختتام پذیر ہوا۔(رپورٹ: محمد سعید:معتمد، باجوڑ شرقی)
 
حلقہ سرگودھا کے زیر اہتمام سہ ماہی تربیتی اجتماع بصورت شب بیداری
 
حلقہ سرگودھا کے زیر اہتمام نمازِ عصرتا اگلے روز صبح 9:30 بجے تک بصورت    شب بیداری سہ ماہی تربیتی اجتماع کا انعقاد مسجد انس بلال ( ہڈالی) جوہرآباد میں ہوا جس میں میانوالی ،جوہرآباد، شاہ پور اور سرگودھا  سے مجموعی طور پر 90رفقاء و احباب نےشرکت کی ۔
پروگرام کا آغازدرسِ قرآن سے ہوا محترم نور خان مقامی امیر میانوالی نے’’ فریضہ اقامتِ دین اور رفیق تنظیم ‘‘کے موضوع پر سورۃ المائدہ اور سورۃ الفتح کی روشنی میں درس دیا جو نمازِ مغرب تک جاری رہا ۔نمازِ مغرب کے بعد محترم ظفر اقبال ملتزم رفیق اسرہ جوہرآباد نے ’’الدین النصیحہ ‘‘ کے موضوع پر درسِ حدیث دیا ،اس کے بعد محترم محمد گلباز ملتزم رفیق تنظیم شرقی نے ’’اللہ سبحانہُ و تعالیٰ پر توکل اور بڑے گناہوں سے اجتناب‘‘ کے موضوع پر سورۃ الشوریٰ کی روشنی میں خطاب فرمایا۔ اس کے بعد عبدالرحمٰن مقامی امیر غربی نے اقامت ِ دین کی جدو جہد میں گھریلو اسرہ کا کردار واضع کیا۔ پھر راقم نے سرکلر’’سوشل میڈیا کا استعمال اور رفقائے تنظیم اسلامی کے لیے ہدایات ‘‘ کا مطالعہ کروایا جو نمازِ عشاء تک جاری رہا نمازِ عشاء کی ادائیگی کے بعد محترم نور خان مقامی امیر میانوالی نے کتاب ترکِ رزائل سے رسوم و رواج  کی بے جاپابندیاں کا مطالعہ کروایا اس کے بعد طُعام و آرام کا وقفہ ہوا۔
آرام کے بعد رفقاء کو سحر 4:00 بجے نمازِ تہجد و تلاوتِ قرآن حکیم کے لیے بیدار  کیا گیا نماز فجر سے قبل مسنون دُعاؤں کے حفظ کا اہتمام ہوا ، نمازِ فجر کے بعد محترم محمد عدیل      ملتزم رفیق اسرہ جوہرآباد نے سورۃ التوبہ آیات 38 تا 39  کی روشنی میں درسِ قرآن دیا۔    اشراق اور ناشتہ کے وقفہ کے بعد دوسری نشست کا آغازہوا۔
صبح 8:00 بجے تا 9:30تک رفقاء کو بانی ٔ محترم ؒکا سورۃ الحدید پر ویڈیو لیکچر سماعت  کروایا گیا۔ آخر میں امیر حلقہ نے رفقاء اورمدرسین کا شکریہ ادا کیا۔ تعلق مع اللہ اور ایمان کی بڑھوتری کے لیے تلاوت قرآن میں باقاعدگی اور اطاعتِ امیر کی ضرورت و اہمیت پر زور دیا اور نظم کی پابندی پر گفتگو فرمائی، پروگرام کا اختتام مسنون دُعا کے ساتھ ہوا۔ (رپورٹ: ہارون شہزاد ،ناظم نشرواشاعت حلقہ )       
امیر محترم کا سرگودھا میں سالانہ تنظیمی دورہ
4 اکتوبر 2026ءبروز اتوارصبح10:00 بجے امیر محترمs محترم پرویز اقبال  نائب ناظم اعلیٰ شرقی زون کے ہمراہ حلقہ سرگودھا کے سالانہ تنظیمی دورے پر مسجد انس بلال (ہڈالی /جوہرآباد) تشریف لائے امیر حلقہ نے اپنے معاونین کے ہمراہ ااُن کا استقبال کیا  ۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن حکیم سے ہوا سعادت تنظیم سرگودھا شر قی کے رفیق محترم طلحہ شاہ محمدنے حاصل کی ۔ اس کے بعد امیر حلقہ نے امیر محترم اور نائب ناظم اعلیٰ صاحب کی سرگودھا آمد کا شکریہ ادا کیا اور دور دراز سے آئے تمام رفقاء کے جذبات کو سراہا ۔ امیر حلقہ نے اپنے معاونین کا تعارف کروایا او رسال بھر میں حلقہ میں نئے شامل رفقاء کی تعداد سے آگاہ کیاجن سے امیر محترم نے فرداً فرداً تعارف حاصل کیا ۔ تعارف کے بعد افہام و تفہیم کی نشست ہوئی جس کا اختتام بیت مسنونہ پر ہوا اس کے بعد طعام و نماز ظہر کا وقفہ ہوا۔ نماز ظہر کے بعد امیر محترم کی حلقہ کے ذمہ داران کے ساتھ نشست ورچوئل یونیورسٹی کیمپس جوہر آباد میں ہوئی جونمازعصر تک جاری رہی۔ اس کے بعدامیر محترم افتخار ٹاؤن جوہر آباد کے لیے روانہ ہوئے جہاں نماز مغرب کے بعد ’’امت مسلمہ کی حالت ِ زار اور راہ ِ نجات ‘‘ کے موضوع پر خطاب فرمایا ( خواتین کی شرکت کا باپردہ انتظام تھا)جس میں سابقہ اُمتِ مسلمہ (بنی اسرائیل) اور موجودہ امت ِ مسلمہ کا موازنہ شرکاء کے سامنے رکھا اور بتایا کہ  سابقہ امت ِ مسلمہ کے زوال کی وجہ یہ تھی کہ انہوں نے اپنی کتاب کو پسِ پشت ڈالا، انبیاءؑ کی باتوں کو نہ مانا، دنیا سے محبت کی اور موت کو بھول گئے جبکہ آج کی امت مسلمہ بھی انہی بیماریوں کا شکار ہے جس کی وجہ سے دُنیا میں ذلت و رسوائی کا سامنا ہے آج ہم قرآن سے جُڑ جائیں اور اللہ کے دین کی نصرت کریں تو ہم اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتے ہیں ۔ رات جوہر آباد قیام کے بعد اگلی صبح سرگودھا کے لیے روانہ ہوئے امیر حلقہ اور دیگر رفقاء نے امیر محترم کا استقبال کیا۔ امیر محترم نے نئے مرکز کے حوالے سے امیر حلقہ کو ہدایات دیں اور دینی معاملات کی ادائیگی میں آسانی کے لیے دُعا فرمائی۔ اس کے بعد مقامی ذمہ داران کے ہمراہ مرکز کے قریب جامعہ اسلامیہ محمودیہ کے مہتمم محترم مولانا اشرف علی سے ملاقات کے لیے روانہ ہوئے جہاں مولانا صاحب نے امیر محترم کا پُرتپاک استقبال کیا، ملاقات میں دینی سماجی امور زیر گفتگو آئے۔ ملاقات کے اختتام پر امیر محترم نائب ناظم اعلیٰ زون اور امیر حلقہ کے ساتھ گولڈن پام میرج ہال پہنچے جہاں النور ہائی سکول آف سائینس کی طرف سے دعوتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا ، تلاوت قرآن حکیم اور نعت رسول مقبول ﷺ کے بعد امیر محترم نے خطاب کا آغاز کیا سامعین میں اساتذہ ،علماء اکرام اور سیاسی و سماجی شخصیات شامل تھیں ( خواتین کے لیے باپردہ انتظام موجود تھا ) ۔ امیر تنظیم اسلامی نے انسان کی سب سے بڑی ضرورت ہدایت اور اسلام میں عورت کا مقام ، اساتذہ کے کردار ، اپنے گھر کی فکر کرنا اور اُمت کے فکر کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو فرمائی۔خطاب کے  بعد ظہرانے کا اہتمام تھا۔ بعد از ظرانہ امیر تنظیم اسلامی نائب ناظم اعلی صاحب کے ہمراہ لاہور کے لیے روانہ ہوگئے ۔ (رپورٹ: ہارون شہزاد ،ناظم نشرواشاعت حلقہ سرگودھا ) 
 
سہ ماہی تربیتی اجتماع حلقہ پوٹھوہار
 
الحمدللہ! تنظیم اسلامی حلقہ پوٹھوہار کا سہ ماہی تربیتی اجتماع بروز اتوار مسجد دارالسلام، جبی جاتلاں میں منعقد ہوا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز محترم عبدالاحد کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاں جناب قاری ریاست، تنظیم اسلامی میرپور، نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نہایت عقیدت و محبت کے ساتھ ہدیۂ نعت پیش کیا۔
پہلے مقرر جناب پروفیسر عمران اسماعیل صاحب، تنظیم اسلامی میرپور نے تنظیم اسلامی کا تعارف، ڈاکٹر اسرار احمدؒ کا تعارف اور عدل کی اجتماعی اہمیت کے موضوعات پر نہایت مفید اور جامع گفتگو فرمائی۔اس کے بعد ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر محترم غلام سلطان نے درسِ حدیث پیش کیا۔ انہوں نے بیعت کی اہمیت کے موضوع پر احادیثِ مبارکہ کی روشنی میں نہایت مؤثر انداز میں گفتگو فرمائی اور اس کے دینی و تربیتی پہلوؤں کو واضح کیا۔ امیر ِ حلقہ جناب پروفیسر حافظ ندیم مجید نے اسلام کے معاشرتی نظام کے موضوع پر مدلّل گفتگو فرمائی۔ انہوں نے قرآن و سنت کی روشنی میں اسلامی معاشرے کی تشکیل، اس کی نمایاں خصوصیات اور عصرِ حاضر میں اس کی ضرورت کو واضح کیا، اور اس امر پر زور دیا کہ ایک صالح اور عادل معاشرے کی تشکیل کے لیے اسلامی تعلیمات کو اجتماعی زندگی میں نافذ کرنا ناگزیر ہے۔
اگلے مقرر جناب محمد نعمان نے عام فہم اور مؤثر انداز میں اسلام کے معاشی نظام پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سرمایہ دارانہ اور اشتراکی معاشی تصورات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے واضح کیا کہ اسلام ایک ایسا متوازن معاشی نظام پیش کرتا ہے جس میں فرد کے معاشی حقوق، بنیادی ضروریات اور معاشرے کے اجتماعی مفاد کے درمیان توازن قائم کیا جاتا ہے۔ 
آدھے گھنٹےکے وقفہ میں چائے و ریفریشمنٹ کے ساتھ رفقائے تنظیم اور شرکائے اجتماع کو باہمی تعارف اور ملاقات کا موقع ملا۔وقفے کے بعد محترم ڈاکٹر ضمیر اختر خان نے  اسلام کے سیاسی نظام کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو فرمائی اورسیرتِ نبوی ﷺ اور ریاست ِمدینہ کی مثالوں کی روشنی میں واضح کیا کہ اسلامی سیاسی تصور کی بنیاد حاکمیتِ الٰہی، عدل و انصاف، شوریٰ، انسانی حقوق اور فلاحِ عامہ پر قائم ہے۔
ڈاکٹر اسرار احمدؒ کا ویڈیو لیکچر پیش کیا گیا، جس کا موضوع ’’دورِ جدید میں غلبۂ دین کیسے ممکن ہے؟‘‘ تھا۔ ایک گھنٹے پر مشتمل اس لیکچر میں ڈاکٹر صاحبؒ نے غلبۂ دین اور   منہجِ انقلابِ نبوی ﷺ کے مختلف مراحل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو فرمائی۔ 
ظہر کی نماز کے بعد اجتماع کا باقاعدہ اختتام ہوا۔ اجتماع کے اختتام پر تنظیم اسلامی جاتلاں کی جانب سے شرکائے اجتماع کے لیےظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔
تربیتی اجتماع میں حلقہ پوٹھوہار کی تمام مقامی تناظیم و منفرد اسرہ جات گوجر خان، جاتلاں،میرپور، جہلم،چکوال،ساگری، شکریلہ،جاتلی و کلرسیداں کے رفقائے تنظیم و احباب نے شرکت کی۔     (مرتب کردہ:اسرار احمد صدیقی،مبتدی رفیق تنظیم اسلامی جاتلاں )