امیر محترم کا تنظیمی ودعوتی دورہ اسلام آباد
امیر محترم جناب شجاع الدین شیخsجنوری میں شمالی زون کے دورے پر تشریف لائے۔پروگرام کے مطابق گلزار قائد کی مسجد حرمین شریفین میں رفقائے تنظیم کے ساتھ امیر محترم کی ایک طویل نشست ہوئی۔پروگرام کا آغاز ٹھیک صبح دس بجے ہوا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض حلقہ اسلام آباد کے ناظم تربیت محترم عامر نوید نے انجام دئیے۔
تلاوت کلام پاک کے بعد امیر حلقہ محترم راجہ محمد اصغر نے امیر محترم سے حلقےکا تعارف کروایا۔ اس دوران حلقہ کی کل گیارہ تناظیم کے امراء نے اپنے اپنے مبتدی اور ملتزم رفقائے تنظیم کے علاوہ رفیقات اور منفرد اسرا جات کی تعداد اور کارکردگی کے حوالے سے پوری رپورٹ تفصیل سے امیر محترم کے سامنے پیش کی۔ساتھ ہی مقامی تناظیم میں شامل ہونے والے نئے رفقائے تنظیم کا مختصر تعارف بھی پیش کیا گیا۔
چائے کے وقفے کے بعد سوال و جواب کی نشست ہوئی۔ اس کے بعد نئے شامل ہونے والے رفقاء نے امیر محترم کے ہاتھ پر بیعت کی۔ امیر محترم نے رفقائے تنظیم سے خطاب کیا اور انہیں ملکی اور بین الاقوامی حالات کے تناظر میں اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلایا۔
نمازِ ظہر کے بعد امیر محترم کی ذمہ داران کے ساتھ ایک تفصیلی نشست ہوئی۔ جس میں امیر محترم نے تنظیمی امور، ملکی اور بین الاقوامی حالات پر گفتگو کی۔
نمازِ مغرب کے بعد ریان مارکی جی13 میں’’ قرآن حکیم اور ہماری ذمہ داریوں‘‘ کے عنوان کے تحت امیر محترم نے قرآن کی تاثیر پر روشنی ڈالی اور سامعین کو بتایا کہ اس پُر فتن دور میں ہمارے سارے مسائل کا واحد حل یہ ہے کہ ہم قرآنی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئےنبی کریمﷺ کی سیرت طیبہ کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں۔ اگلے دن امیر محترم نے اپنے دن کا آغاز نیشنل ووکیشنل ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے سینٹر آف ایکسیلنس اِن ماڈرن ٹیکنالوجیز میں طلبہ و طالبات سے خطاب کیا، جس میں طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں امیر محترم اور ان کے وفد میں شامل نائب ناظم اعلیٰ شمالی زون ڈاکٹر امتیاز حسین اور امیر حلقہ محترم راجہ محمد اصغر طے شدہ پروگرام کے مطابق ڈاکٹر عبید الرحمٰن سے ملاقات کےلیے تشریف لے گئے۔ ظہرانے پر انجمن خدام القرآن اسلام آباد کی شوریٰ سے ملاقات کے بعد امیر محترم کا دورہ اختتام کو پہنچا اور وہ کراچی کے لیے روانہ ہوگئے۔ (رپورٹ: ڈاکٹر اشرف علی)
امیرتنظیم اسلامی محترم شجاع الدین شیخ حفظ اللہ کا دورہ حلقہ ٔکراچی وسطی
امیر محترم نے 15 فروری 2026ء کو حلقہ کراچی وسطی کا تنظیمی دورہ فرمایا۔ قرآن اکیڈمی جوہر کے لیے حاصل کئے گئے نئے پلاٹ پر پنڈال بنایا گیا ۔ امیر محترم کی صدارت میں صبح 8.30 سےصبح 10:30بجے تک حلقہ کراچی وسطی کے کل رفقاء نشست منعقد ہوئی۔اس موقع پر نائب ناظم ِاعلیٰ جنوبی پاکستان (زون 1) محترم انجینئر سید نعمان اختر بھی امیر ِمحترم کے ہمراہ تھے۔مجلس کا آغاز حافظ غلام اکبر صاحب کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔
ابتدائی کلمات میں محترم سید نعمان اختر نے امیر محترم کے دورے کی وضاحت فرمائی۔ قائم مقام امیر حلقہ کراچی وسطی محترم فیصل منظور نے حلقہ کا تعارف پیش کیا۔ بعد ازاں سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی ۔اسی دوران امیر ِمحترم نے رفقاء کو چند اہم نصیحتیں بھی فرمائیں، جن میں ایمانِ حقیقی میں مسلسل اضافہ کی کوشش کرنا ، ہر عمل میں اخلاصِ نیت کا جائزہ لینا اور اپنی تمام تر جدوجہد میں اُخروی نجات اور رضائے الٰہی کو اصل نصب العین بناناخصوصی طور پر شامل تھا۔ امیر ِمحترم نے فرمایا کہ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ ہم پر سایہ فگن ہونے والا ہے، جو قرآن مجید سے تعلق مضبوط کرنے، خود اپنی اصلاح کرنے اور دوسروں تک پیغامِ ہدایت پہنچانے کا عظیم موقع ہے۔ اس لیے ہر رفیق کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ دورۂ ترجمہ ٔقرآن میں اپنی شرکت کو ہر حال میں یقینی بنائے۔ آپ نے اس امر پر خاص زور دیا کہ خواہ کسی اور کی شرکت ہو یا نہ ہو، اپنی حاضری کو لازم، ضروری اور غیر مشروط سمجھا جائے، کیونکہ اصل مقصد اپنی اصلاح اوراللہ تعالیٰ سے تعلق کو مضبوط کرنا ہے۔ آخر میں بیعت ِمسنونہ کا اہتمام کیا گیا، جس میں پہلے مبتدی رفقاء اور بعد ازاں ملتزم رفقاءنے امیر ِ محترم کے دست ِمبارک پر بیعت کی۔
چائے و باہمی ملاقات کےوقفے کے بعد امیر ِمحترم نے حلقہ کراچی وسطی کے کل ذمہ داران کے ساتھ عمومی نشست کی صدارت فرمائی۔ مقامی امراء نے اپنے اپنے نظم کے حوالے سے شامل علاقوں، رفقاء کی تعداد، نقباء ، معاونین اوررفقات کے تعداد اسرہ رفیقات کی تعداد سے آگاہ کیا ۔ تعارف کے بعد ذمہ داران نے امیر ِمحترم سے مختلف موضوعات پر سوالات کیے۔ امیر ِمحترم نے اس حقیقت کی طرف توجہ دلائی کہ ہماری دعوت کا اصل مرکز و محور قرآنِ مجید ہے، اور یہی وہ سرچشمہ ٔہدایت ہے جس سے فرد، خاندان ، معاشرہ اور ریاست سب کی اصلاح ممکن ہے۔
امیر ِمحترم نے اس امر پر زور دیا کہ دعوتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تعلق مع اللہ کو مضبوط بنانا بنیادی شرط ہے۔ اگر بندہ اپنے رب سے مضبوط تعلق قائم رکھے، عبادات میں باقاعدگی اختیار کرے، اخلاص کو مقدم رکھے اور اپنی نیتوں کی مسلسل اصلاح کرتا رہے، تو اللہ تعالیٰ اُس کی کوششوں میں برکت عطا فرماتا ہے اور اُس کی دعوت کو قبولیت کا شرف بخشتا ہے۔ ۔امیر ِمحترم کی دعا پر یہ بابرکت محفل اپنے اختتام کو پہنچی۔اللہ تعالیٰ ہم سب کی کاوشوں کو درجہ ٔقبولیت عطا فرمائے، اور ہمیں آخری سانس تک اخلاص کے ساتھ دینِ حق کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا ربّ العالمین!(رپورٹ: عمر بن عبدالعزیز،ناظم نشرواشاعت، کراچی وسطی )
حلقہ کراچی جنوبی کے زیر اہتمام استقبالِ رمضان المبارک پروگرام
رمضان المبارک میں حلقہ کی دس تناظیم میں سے آٹھ تنظیموں میں دورۂ ترجمۂ قرآن جبکہ دو تنظیموں میں خلاصۂ مضامینِ قرآن کے پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان بابرکت سرگرمیوں کی تیاری کے سلسلے میں ماہِ شعبان میں مقامی سطح پر بھرپور استقبالِ رمضان پروگرام منعقد کیے گئے، جن کے ذریعے دعوتی ماحول کو تازہ کیا گیا، احباب سے روابط مضبوط کیے گئے اور رمضان المبارک میں قرآن مجید کی محفلوں میں بھرپور شرکت کے لیے احباب کو ترغیب و تشویق دلائی گئی۔
10 تناظیم کے تحت 119 استقبال رمضان پروگرام ہوئے جن میں6 ہزارسے زائد حضرات و خواتین نے شرکت فرمائی۔
ان پروگراموں کی مختصر رپورٹ حسب ذیل ہے۔
ڈیفنس ویو تنظیم: ڈیفنس ویو تنظیم کے زیر ِاہتمام رمضان المبارک میں دورۂ ترجمۂ قرآن کا پروگرام ریڈیسن لان میں منعقد ہوگا۔ استقبالِ رمضان کے سلسلے میں کل 19 پروگرام منعقد کیے گئے جس میں 650 حاضرات و خواتین نے شرکت کی۔
اولڈ سٹی تنظیم: رمضان المبارک میں دورۂ ترجمہ ٔقرآن کا انعقاد ہما لان میں ہوگا۔ استقبالِ رمضان کے تحت 8 پروگرام منعقد ہوئے جن کل 280 حضرات و خواتین شریک ہوئے۔
کورنگی شرقی تنظیم:رمضان المبارک میں دورۂ ترجمۂ قرآن ملن بینکوئیٹ میں ہوگا۔ استقبالِ رمضان کے سلسلے میں 10 پروگرام منعقد ہوئے جن میں 650 حضرات و خواتین نے شرکت کی۔
کورنگی غربی تنظیم:رمضان المبارک میں دورۂ ترجمۂ قرآن کا پروگرا م ارویٰ لان میں منعقد کرے گی۔ استقبالِ رمضان کے تحت 14 پروگرام ہوئے جن میں 700 حضرات و خواتین نے شرکت کی۔
کلفٹن تنظیم: رمضان المبارک میں خلاصہ مضامین ِ قرآن سیفرون لان میں ہوگا۔ استقبالِ رمضان کے سلسلے میں 5 پروگرام منعقد ہوئے جن میں 200 حضرات و خواتین نے شرکت کی۔
لانڈھی تنظیم:رمضان المبارک میں دورۂ ترجمۂ قرآن کا پروگرام قرآن مرکز لانڈھی میں منعقد کرے گی۔ استقبالِ رمضان کے تحت 9 پروگرام منعقد ہوئے جن میں414 حضرات و خواتین نے شرکت کی۔
کورنگی وسطی تنظیم: رمضان المبارک میں دورۂ ترجمۂ قرآن راج محل لان میں ہوگا۔ استقبالِ رمضان کے سلسلے میں 8 پروگرام منعقد ہوئے جن میں880 حضرات و خواتین نے شرکت کی۔
ڈیفنس تنظیم: رمضان المبارک میں خلاصۂ مضامین ِ قرآن، قرآن مرکز ڈیفنس میں منعقد کرے گی۔ استقبالِ رمضان کے تحت 17 پروگرام منعقد ہوئے جن میں 500 حضرات و خواتین نے شرکت کی۔
سوسائٹی تنظیم:رمضان المبارک میں دورۂ ترجمۂ قرآن گلستانِ انیس کلب میں ہوگا۔استقبالِ رمضان کے سلسلے میں 8 پروگرام منعقد ہوئے جن میں 260 حضرات و خواتین نے شرکت کی۔
قرآن اکیڈمی: رمضان المبارک میں دورۂ ترجمہ ٔقرآن مسجد جامع القرآن قرآن اکیڈمی ڈیفنس میں منعقد ہوگا۔ استقبالِ رمضان کے کل20 پروگرام منعقد ہوئے جن میں 1600 حضرات و خواتین نے شرکت کی۔ (مرتب : کمانڈر سرفراز احمد خان، ناظم نشر و اشاعت حلقہ کراچی جنوبی)
حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی کے زیر ِاہتمام روداد سہ ماہی اجتماع
حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی کے زیر اہتمام یکم فروری، 2026ء کو سہ ماہی اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ یہ اجتماع صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے منعقد ہوا۔ اجتماع کے سٹیج سکریٹری کے فرائض مقامی تنظیم مردان کے نقیب محترم سراج اللہ نے ادا کیے۔ اجتماع میں 97رفقاء و احباب نے شرکت کی۔
اجتماع کا آغاز مقامی امیر تنظیم پشاور صدر محترم امتیاز علی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔
تلاوت کلام پاک کے بعد پشاور غربی کے معتمد محترم نعمان اعظم نے درسِ حدیث دیا ۔
درسِ حدیث کے بعد امیر حلقہ محترم محمد آصف سلاج نے اجتماع میں شرکت پررفقاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو رفقاء اپنے کسی شرعی عذر کی وجہ سے شرکت سے محروم رہے اللہ تعالیٰ ان کے مسائل حل فرمائے اور وہ رفقاء جو بنا کسی عذر کے نہیں آئے، ان کے لیے نہ صرف دعا کی بلکہ اِس بات پر زور دیا کہ اس سہ ماہی اجتماع میں موجود رفقاء ان سے خصوصی ملاقات کریں۔ انہوں نے کچھ بیماررفقاء کے لیے دعائے صحت اور مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی۔امیر حلقہ نے نئے مرکز حلقہ کی تعمیر کا بھی ذکر کیا، کہ الحمدللہ! نئے مرکز حلقہ کی تعمیر کا کام شروع کیا جا چکا ہے۔ اس سلسلے میں آپ کی دعاؤں کے ساتھ ساتھ مالی انفاق کی بھی ضرورت ہے۔ جو کہ آپ کے لیئے توشہ آخرت ہو گا۔
بعد ازاںپشاور صدر کے ملتزم رفیق محترم میر محمدنے’’اقامت دین کے لیے کام کرنے والوں کے مطلوبہ اوصاف‘‘ سورۃ الفتح کی روشنی میں بیان کیے۔انہوں نے واضح کیا کہ جب مسلمانوں نے اپنے آپ کو اللہ کے دین کے لیے وقف کیا تو اللہ نےامت پر اپنی رحمتوں کے دروازے کھول دیئے۔ آج اُمت کی زبوں حالی کی اصل وجہ یہی ہے کہ امت نے اپنی اس ذمہ داری سے روگردانی اختیارکرلی ہے۔آج بھی اُمت اگر اپنی ذمہ داری پوری کرے تو اللہ تعالیٰ کی برکتیں، نصرت اور کامرانی نصیب ہو گی۔ ان شاء اللہ!
اس کے بعد مقامی امیر پشاور غربی محترم ڈاکٹر محمد عثمان خان نے’’ سمع و طاعت اور نظم جماعت ‘‘کے موضوع پر خطاب فرمایا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ نظم کا سب سے اہم اور لازم جز سننا ہے او پھر صرف سننا ہی نہیں بلکہ اس پر من وعن عمل بھی کرناہے ۔ انہوں نے احادیث کی روشنی میں نظم ِجماعت کی اہمیت اور جماعت میں سمع وطاعت کی پابندی پر زور دیا۔
بعد ازاں ناظم دعوت حلقہ محترم حبیب الرحمٰن نے’’ اسلام ، رمضان اور پاکستان‘‘ کے موضوع پر بیان کیا۔ انہوں نے آیات قرآنیہ سے واضح کیا کہ آج دنیا میں فساد اسی لیے ہے کہ اللہ کے نظام کے بجائے طاغوتی نظام قائم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا وجود میں آنا اور وہ بھی رمضان المبارک کے مہینے میں ، ایک معجزہ تھا۔ انہوں نے بانی پاکستان کے اقوال کی روشنی میں واضح کیا کہ یہ ملک بنا ہی اسلام کے لیے تھا لیکن افسوس کا مقام ہے کہ اسلام کی عملی بیخ کنی اسی ملک میں ہوئی ہے اور ہو رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہماری بچت کا واحد راستہ یہ ہے کہ دین ِاسلام کو اس کے اصل صورت میں قائم کیا جائے۔اس کے بعد چائے اور باہمی تعارف کا وقفہ ہوا۔
چائے کے وقفے کے بعد محترم محمد عادل خٹک نے’’ عالمی منظر نامہ‘‘ پر گفتگو کی۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ، شمالی وجنوبی امریکہ، چین، روس، یورپ اور جنوبی ایشیا میں ہونے والی سیاسی، معاشی اور سٹریٹجک حالات میں تبدیلی پر سیر حاصل گفتگو کی، جسے شرکاء نے بہت سراہا اور پسند کیا ۔
پروگرام کے آخرمیں محترم ڈاکٹر حافظ محمد مقصود نے’’نیکی کی حقیقت ‘‘پر خطاب کیا۔انہوں نے ’’آیت البر‘‘ کی روشنی میں نیکی کو پھیلانے کے طریق کار کو واضح کیا۔انہوں نے فرمایا کہ نیکی کے دو مفہوم ہیں ایک حقوق اللہ اور دوسرا حقوق العباد۔ اب حقوق اللہ کے دو جز ہیں۔ ایک ایمانیات اور دوسرا عبادات۔ اسی طرح حقوق العباد کے بھی دو حصے ہیں۔ ایک اخلاقیات اور دوسرا معاملات۔ پھر ان حصوں کا ایک دوسرے کے ساتھ حسین ربط مولانا رومیؒ، علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ اور شیخ سعدی شیرازی ؒکے اشعار اور اس کا اردو ترجمہ اور مفہوم سمجھایا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو ہدایت پر استقامت عطا فرمائے اور ہمارا حامی و ناصر ہو۔ (رپورٹ: سعید اللہ شاہ،معتمد حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی)
مقامی تنظیم باجوڑ شرقی کے زیر اہتمام فہم دین پروگرام
مقامی تنظیم باجوڑ شرقی کے تحت ماہِ جنوری کے دوران گھریلو ملاقاتوں اور فہم ِدین نشستوں کے سلسلے کا یہ پروگرام 18 جنوری 2026 ءصبح 9:30بجے الہدیٰ اسکول ملاکلے میں منعقد ہوا، جس کی میزبانی کا شرف محترم شاہد لطیف کو حاصل ہوا۔شرکاء کی تعداد 20 سے زائد رہی۔ پروگرام کا آغاز درسِ قرآن سے ہوا جس میں محترم شاہد لطیف نے عظمت ِقرآن کے موضوع پر مؤثر انداز میں روشنی ڈالی اور قرآنِ مجید کو ہدایت و انقلاب کا سرچشمہ قرار دیا۔ بعد ازاں راقم نے 15 منٹ پر مشتمل درسِ حدیث دیا۔ درس میں حیا کی اہمیت واضح کی گئی۔ اس کے بعد محترم شیر محمد حنیف نے’’ دین کا جامع تصور‘‘ کے عنوان سے 20 منٹ کا خطاب کیا اور اسلام کو مکمل ضابطۂ حیات کے طور پر بیان کیا۔ آخر میں محترم محمد نعیم نے منہجِ انقلابِ نبوی ﷺ پر گفتگو کرتے ہوئے سیرتِ رسول ﷺ کی روشنی میں فرد اور معاشرے کی اصلاح کے لیے منہج رسولﷺ کی بنیاد پر ایک منظم جماعت کی تشکیل ، اس کی تربیت اور اس کے بنیاد پرپُر امن انقلاب بر پا کرنے پر مدلل گفتگو کی۔
چائے کے وقفے کے بعد نقباء اور معاونین کا مشاورتی اجتماع منعقد ہوا ۔ جس کی صدارت حال میں مقرر شدہ نئے امیر مقامی تنظیم باجوڑ شرقی حاجی لاہور خان نے کی۔ آپ نے تمام اسرہ جات کی تنظیمی اور دعوتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور اس سلسلے میں بہتری پر زور دیا ۔
امیر مقامی تنظیم نے اپنے اس پہلے باضابطہ اجتماع میں مشاورت کے بعد کچھ تنظیمی تبدیلیوں کا فیصلہ بھی کیا ۔ آپ نے راقم کو معتمد جبکہ سابقہ امیر مقامی تنظیم محترم رفیق الرحمٰن کو ناظم تربیت مقرر کرنے کی سفارش حلقہ کو بھیج دی۔
آخر میں امیر صاحب کی معیت میں چھ رکنی وفد نے نمایاں افراد سے ملاقات کے ضمن میں جماعت اسلامی کے سینئر رکن اور سابق امیدوار صوبائی اسمبلی مولانا وحید گل سے ملاقات کی اور ان کے گھر پر حالیہ بم حملہ پر تعزیت کی۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہماری اس مساعی کو قبول فرمائے۔(رپورٹ: محمد سعید، معتمد مقامی تنظیم باجوڑ شرقی)
حلقہ کراچی جنوبی کے زیر اہتمام ایک روزہ توسیعِ دعوت پروگرام
پروگرام18 جنوری 2026 ء کو حسرت موہانی کالونی کورنگی نمبر چھ کے علاقے میں منعقد کیا گیا۔پروگرام کی میزبانی تنظیم اسلامی کورنگی شرقی نے اور معاونت مقامی تناظیم کورنگی غربی، کورنگی وسطی اور لانڈھی نے کی۔ قریباً چار بجے اولاً ناظمِ تربیت تنظیم ِ اسلامی کورنگی شرقی جناب حافظ ریان بن نعمان نے دعوتِ دین کی اہمیت، فرضیت و فضیلت اور دعوتی ملاقاتوں کے آداب بیان کیے۔بعدازاں ناظمِ پروگرام جناب نعمان نسیم (مقامی امیر کورنگی شرقی) نے دعوتی سعی کے لیے ٹیموں کی تشکیل فرمائی۔ رفقا ءنے نمازِ عصر مقامی مسجد میں ادا کرنے کے بعد محلے میں اذانِ مغرب تک منظم انداز میں دعوتی سعی کی اور گھر گھر جاکر پروگرام کی دعوت دی۔ اہل ِمحلہ نے رفقاء کا خیر مقدم کیا، توجہ سے بات سنی اور شرکت کی یقین دہانی کروائی۔نماز ِ مغرب کی ادائیگی کے بعدپروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن سے ہوا۔ سورۃ البقرہ کے تئیسویں رکوع کے ابتدائی حصے کی تلاوت کی سعادت کورنگی شرقی تنظیم کے رفیق حافظ محمد سعد نے حاصل کی۔ تلاوتِ قرآن کے بعد جناب انجینئر عمیر نواز (نقیب ِاسرہ و مدرس تنظیم ِاسلامی اختر کالونی) نے استقبالِ رمضان کے ضمن میں روزہ کی اہمیت ،فرضیت اور مقاصد بیان کئے۔ انہوں نے رمضان اور قرآن کے باہمی ربط پر مدلل گفتگو فرمائی۔انہوں نے روزے اور تراویح کے باہمی تعلق کوبھی واضح کیا۔ آخر میں انہوں نے شرکاء کو دورہ ترجمہ قرآن کی اہمیت سے آگاہ کیا اور شرکت کی بھرپور دعوت دی۔ اذانِ عشاء سے قبل دعا پر اس بابرکت محفل کا اختتام ہوا۔ اسٹیج سیکریٹری کی ذمہ داری تنظیمِ اسلامی کورنگی شرقی کے ناظمِ دعوت جناب ارباب صدیقی نے ادا کی۔پروگرام میں تنظیم ِاسلامی کا مکتبہ بھی لگایا گیا جہاں تنظیمی لٹریچر اور احباب کے لیے رابطہ فارم دستیاب تھے۔ بڑی تعداد میں حضرات نے استفادہ کیا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہماری اور تمام خادمانِ دین و قرآن کی مساعئ جمیلہ کو شرفِ قبولیت عطا فرماکر توشۂ آخرت بنا دے۔ آمین یا رب العالمین!(رپورٹ : حافظ ریان بن نعمان ، ناظم تربیت تنظیم کورنگی شرقی)
حلقہ کراچی جنوبی کے زیر اہتمام دعوتی کیمپ
بروز اتوار، 18 جنوری 2026 ءکو حلقہ کراچی جنوبی کے تحت شاہی بندھن ہال، چاندنی چوک، اعظم بستی میں توسیعِ دعوت پروگرام کا کامیاب انعقاد ہوا۔ اس پروگرام کی میزبانی مقامی تنظیم اختر کالونی نے انجام دی۔اس موقع پر حلقہ کراچی جنوبی کی پانچ تنظیموں — سوسائٹی تنظیم، ڈیفنس تنظیم، کلفٹن تنظیم، قرآن اکیڈمی تنظیم اور اولڈ سٹی تنظیم — کے رفقاء نے شرکت کرتے ہوئے بھرپور معاونت فراہم کی۔
پروگرام سے دو دن قبل، بروز جمعہ اختر کالونی تنظیم کے رفقاء نے علاقے کی دس مساجد میں بعد از نماز جمعہ ایک ہزار 1000 ہینڈ بل تقسیم کیے۔ اس کے علاوہ پانچ دن قبل علاقے میں 100 پول ہینگرز اور 10 بڑے بینرز آویزاں کیے گئے اور علاقے کی مختلف شخصیات سے ملاقاتیں بھی کی گئیں۔خصوصی طور پر 100 ہینڈ بل لفافوں میں ڈال کر اعظم بستی کے رہائشی رفقاء کے ذریعے احباب کو ان کے نام لکھ کر پروگرام کی دعوت دی گئی۔پروگرام سے ایک دن قبل مقامی ناظم دعوت جناب بابر عباسی اور مقامی نائب ناظم دعوت جناب عمران عاشق نے میگا فون کے ذریعے علاقے میں گشت کرتے ہوئے عوام الناس کو دوبارہ پروگرام میں شرکت کی دعوت دی۔
بروز اتوار، پروگرام کے دن اختر کالونی کے رفقاء نے نمازِ ظہر کے بعد پنڈال کو دعوتی بینرز کے ذریعے سجایا۔ مہمان رفقاء کے لیے ریفریشمنٹ کا اہتمام کیا گیا، جبکہ انجمن خدام القرآن سندھ اور تنظیم اسلامی کی کتب پر مشتمل مکتبہ بھی قائم کیا گیا۔
تقریباً 4:15 بجے مقامی ناظم تربیت اختر کالونی جناب افضال اشرف نے تذکیرِ آدابِ دعوت سے دعوتی سرگرمی کا آغاز کیا۔ 4:30 بجے آٹھ دعوتی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جنہوں نے عصر تا مغرب اعظم بستی کے آٹھ مختلف علاقوں میں تقریباً ایک ہزار ہینڈ بل اور پرانے ندائے خلافت کے ذریعے عوام الناس کو پروگرام کی دعوت دی۔
دو مساجد — نورانی مسجد (بریلوی مکتبِ فکر) اور عثمان مسجد (اہل ِحدیث) — کے ائمہ کرام نے بعد از نماز مغرب اعلان فرمایا اور نمازیوں سے پروگرام میں شرکت کی درخواست کی۔ مغرب سے قبل تمام رفقاء پنڈال میں واپس جمع ہو گئے۔
بعد از نماز مغرب پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک (سورۃ البقرہ، 23ویں رکوع) سے ہوا، جس کی سعادت ڈیفنس تنظیم کے رفیق، جناب حافظ یوسف نے حاصل کی۔
اسٹیج سیکرٹری کے فرائض اختر کالونی کے ذمہ دار نقیب اسرہ جناب رفاقت علی نے انجام دیے۔ انہوں نے اپنی گفتگو کا آغاز بانی محترم ڈاکٹر اسرار احمدؒ کے مختصر تعارف سے کیا اور واضح کیا کہ تنظیم اسلامی بانی محترم کے مشن پر کاربند ہے۔
تقریباً 7:15 بجے ناظم تربیت، کراچی جنوبی جناب ڈاکٹر محمد الیاس نے ’’مرحبا رمضان‘‘کے موضوع پر نہایت مؤثر اور فکر انگیز خطاب فرمایا۔ خطاب میں رمضان اور قرآن کی اہمیت و فضیلت، ان کے باہمی تعلق، دورۂ ترجمہ قرآن کی اہمیت، رمضان کی راتوں کو قرآن کے ساتھ گزارنے کی ترغیب، اور تنظیم اسلامی کے مقصد و طریقۂ کار کو جامع انداز میں بیان کیا گیا۔ یہ پروگرام نمازِ عشاء سے قبل جناب ڈاکٹر محمد الیاس کی اجتماعی دعا پر اختتام پذیر ہوا۔ اس پروگرام میں 180 رفقاء، احباب اور خواتین نے شرکت کی، 24 احباب نے رابطہ فارم پُر کیے اور مکتبہ سے بھرپور استفادہ کیا گیا۔
اللہ سبحانہ و تعالیٰ کے فضل، کرم اور نصرت سے یہ پروگرام خیرو عافیت اور حسنِ انتظام کے ساتھ مکمل ہوا۔اللہ سبحانہ وتعالیٰ تمام ذمہ داران اوررفقاء کی محنتوں اور کوششوں کو قبول فرمائیں اور توشہ آخرت بنائے۔آمین !(رپورٹ : نبیل احمد خان،مقامی ناظم نشر و اشاعت اختر کالونی تنظیم)
ناظم دعوت حلقہ ملاکنڈ کی ضلع باجوڑ میں دعوتی سرگرمیاں
ناظم دعوت حلقہ ملاکنڈ محترم فیض الرحمن نے تحصیل خار، ضلع باجوڑ کی بارہ مختلف مساجد میں دعوتی پروگراموں کا انعقاد کیا۔ ان پروگراموں میں انہوں نے مختلف مقامات پر اجتماعات سے خطاب کیا، جن کا مرکزی موضوع ’’عظمت ِقرآن اور تعارف تنظیم اسلامی‘‘ تھا۔
خطابات کے دوران ناظم ِدعوت نے واضح کیا کہ قرآنِ مجید مکمل ضابطۂ حیات اور پوری انسانیت کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ انہوں نے قرآنِ پاک کی تلاوت، فہم اور اس پر عمل کی اہمیت پر زور دیا اور قرآنی آیات کی روشنی میں بتایا کہ دنیا و آخرت کی کامیابی قرآن سے وابستگی میں ہے۔
ان پروگراموں میں مقامی لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور خطابات کو توجہ سے سنا۔ اس دعوتی سلسلے سے لوگوں میں قرآنِ مجید سے محبت، اس کی عظمت کا شعور اور اسلامی تعلیمات پر عمل کا جذبہ بیدار ہوا یہ سرگرمیاں نہایت مفید، مؤثر اور دینی اعتبار سے حوصلہ افزا ثابت ہوئیں۔(رپورٹ محمد سعید سالارزئی ،معتمد مقامی تنظیم باجوڑ شرقی)
حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی کے تحت استقبالِ رمضان پروگرامز
مقامی تنظیم پشاور شہر کے تحت منعقد ہونے والا دورہ ترجمہ قرآن 2026ء ، مرکز حلقہ کے ملحقہ ، جامع مسجد سعد اللہ جان کالونی، حاجی کیمپ، جی ٹی روڈ، پشاور میں منعقد ہونا قرار پایا ہے۔اس سلسلے میں 13 فروری، 2026ء بروزِ جمعہ، خطابِ جمعہ کی صورت میں استقبالِ رمضان پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔خطابِ جمعہ اور استقبال رمضان پروگرام کے مدرس کے فرائض محترم عبدالناصر صافی نے ادا کیے۔انہوں نے رمضان المبارک کے برکات و فضائل بتائے اور شرکاء کو دورہ ترجمہ قرآن میں شرکت کی دعوت دی۔
مقامی تنظیم نوشہرہ کے تحت دورہ ترجمہ قرآن موضع ذڑہ میانہ ضلع نوشہرہ میں منعقد ہوا۔ جہاں محترم حبیب الرحمٰن نے خطاب جمعہ کی صورت میں استقبال رمضان پروگرام کا انعقاد کیا۔ اسی طرح دیگر دو مقامات پر بھی خطابِ جمعہ کی صورت میں استقبال رمضان پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس کے علاوہ مقامی تنظیم نوشہرہ کے تحت نوشہرہ کالج آف نرسنگ میں خلاصہ ٔمضامین کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں استقبالِ رمضان پروگرام کا انقاد کیا گیا اور اس کے مدرس کے فرائض محترم قاضی فیصل ظہیر نے ادا کیے۔
مقامی تنظیم پشاور غربی کے تحت 13فروری، 2026ء بروزِ جمعہ، بعد از نمازِ مغرب بمقام اوکیژن مارکی، ناصر باغ روڈ پر استقبال رمضان پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مدرس کے فرائض محترم ڈاکٹر محمد عثمان خان نے ادا کیے۔
مقامی تنظیم پشاور صدر کے تحت ملک شادی ہال ، سواتی پھاٹک، پشاور صدرمیں دورہ ترجمہ قرآن کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جہاں مدرس کے فرائض محترم پروفیسر فضلِ باسط ادا کریںگے۔ اس سلسلے میں 15فروری، 2026ء بروز اتوار بعد از نمازِ مغرب ، آرمی ویلفئر ٹرسٹ ہاؤسنگ سوسائیٹی ، کوہاٹ روڈ، پشاورمیں استقبال رمضان پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ استقبال رمضان پروگرام میں مدرس کے فرائض محترم ڈاکٹر حافظ محمد مقصود ،جس کا موضوع استقبال رمضان تھا۔ اور انہوں نے دورہ ترجمہ ٔقرآن میں شرکت کی دعوت دی۔
مقامی تنظیم مردان کے تحت مردان شہر میں 9 مقامات پر استقبال رمضان پروگرام منعقد ہوئے۔مدرسین نے استقبالِ رمضان پروگرامات میں رمضان المبارک کی اہمیت کو اجاگر کیا، قرآن سے جڑنے کی تلقین کی اور شرکاء کو دورہ ترجمہ قرآن اور خلاصۂ مضامین پروگرام میں شرکت کے لیے دعوت دی۔8 فروری، 2026ء بروزِ اتوار سراج ٹیوشن اکیڈمی، مردان میں ایک استقبال رمضان پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں مدرس کے فرائض محترم سراج اللہ نے ادا کیے۔ اس پروگرام میں شرکاء کی تعداد تقریباً 50تھی۔
16فروری، 2026ء ہی کو دی سمارٹ سکول ، شیخ ملتوں ٹاؤن، ضلع مردان میں استقبال رمضان پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ یہاں مدرس کے فرائض محترم ڈاکٹر حافظ محمد مقصود نے ادا کیے اور اس میں شرکاء کی تعداد تقریباً 20 تھی۔
17 فروری، 2026ء کو مسجد شمندروز کلے، طورو، ضلع مردان میں استقبال پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ یہاں مدرس کے فرائض محترم ڈاکٹر حافظ محمد مقصود نے ادا کیے اور اس میں شرکاء کی تعداد تقریباً 40 تھی۔
17فروری، 2026ء ہی کو مسجد الفلاح، پار ہوتی، مردان میں استقبالِ رمضان پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ یہاں مدرس کے فرائض محترم سراج اللہ نے ادا کیے اور اس میں شرکاء کی تعداد تقریباً 50 تھی۔ ادعیہ مسنونہ کے ساتھ محفل کا اختتام ہوا۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو ہدایت پر استقامت عطافرمائے اور ہمارا حامی و ناصر ہو۔
(رپورٹ: محمد آصف سلاج،امیر حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی)
حلقہ بلوچستان کے تحت توسیعی دعوتی دورہ
حلقہ بلوچستان کے تحت بلوچستان کے چار مقامات سبی، ڈیرہ مراد جمالی ،بھاگ ناڑی اور اُوستہ محمد کا سال 2026 ء کا پہلا توسیعی دعوتی دورہ کیا گیا جس میں حلقے کی جانب سے ناظم دعوت خواجہ ندیم احمد نے اس پورے دورے کی قیادت فرمائی ۔ وفد کی صورت میں ان کے ساتھ مدرس کے طور پر مقامی امیر کوئٹہ جنوبی فدا احمد رند جبکہ انتظامیہ کے طور پر معتمد مقامی تنظیم کوئٹہ جنوبی شیخ قدیر احمد اور تنظیم کوئٹہ جنوبی کے ملتزم رفقاء جناب مڑ ذہاں مری صاحب اور منصور بزدار شریک ہوئے ۔دورے کی تفصیلات ذیل میں درج ہیں: ۔
دورہ سبی 04 جنوری 2026 ء:سبی کے قدیم اور مشہور مدرسہ کے مہتمم حافظ یحییٰ مرغزانی کے ساتھ وفد کی صورت میں خصوصی ملاقات فرمائی بعد نماز مغرب درس قرآن کا اہتمام کیا گیا جس میں 26 احباب نے شرکت فرمائی۔
ڈیرہ مراد جمالی 05 جنوری 2026 ء:مقامی رفقاء کے ساتھ مل کر وفد کی صورت میں صبح 10:45 پر الھدیٰ ہائی اسکول کے پرنسپل سے خصوصی ملاقات کی گئی ۔ صبح 11:05 منٹ پر9th اور 10th کے طلبہ سے قرآن مجید کے مسلمانوں پر حقوق کے موضوع پر خطاب کیا ، دوپہر 3 بجے درس قرآن میں 13 احباب نے شرکت فرمائی ۔
3 بجے چیرمین ڈسٹرکٹ کونسل بھا گ ناڑی اور علاقے کی ممتاز قبائلی شخصیت ارباب غلام قادر سے ملاقات کی گئی۔ شام 4:30’’بحیثیت مسلمان قرآن ہم سے کیا چاہتا ہے ‘‘ کے موضوع پر درس کا اہتمام کیا گیا جس میں 23 احباب نے شرکت فرمائی ۔ پروگرام کے اختتام کے بعد جماعت اسلامی کے ضلعی امیر قادر بخش اور رات 9 بجے اہلسنت و الجماعت کے مقامی رہنما محمد بخش اور عبد الشکور حیدری سے وفد کی صورت میں خصوصی ملاقات کی ۔ الحمد للہ اس دورے میں بھا گ ناڑی میں ایک حلقہ قرآنی کا آغاز ہو گیا ہے جس کے اب تک دو دروس بذریعہ ویڈیو ہو چکے ہیں ۔
اُوستہ محمد 08 جنوری 2026 ء: حیدر آباد کے منفرد رفیق ڈاکٹر مولا بخش سے ملاقات میں حلقہ قرآنی کو شروع کرنے سے متعلق منصوبہ بندی کا جائزہ لیا گیا ۔ طے پایا کہ ان شاء اللہ حلقہ قرآنی جلد شروع کر دیا جائے گا ۔ اس کے بعد دو پُر عزم نوجوانوں سے سوال و جواب کی نشست ہوئی۔ تنظیم کی فکر آگاہی فراہم کی گئی بعد نماز مغرب درس کا اہتمام کیا گیا جس میں تقریباً 23 افراد نے شرکت فرمائی ۔ شرکاء کو حلقہ قرآنی میں شرکت کی دعوت دی گئی ۔ 9 جنوری کو کوئٹہ واپسی ہوئی۔ اللہ تعالیٰ ہماری کاوش کو شرقبولیت عطاکرے۔ آمین!